مشکوۃ شریف ۔ جلد اول ۔ نماز کا بیان ۔ حدیث 818

امام کے پیچھے سورت فاتحہ پڑھنے کا بیان

راوی:

وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ وَالبَیَا ضِیِّ قَالَا قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم اِنَّ المُصَلِّیَ یُنَاجِیْ رَبَّہ، فَلْیَنْظُرْ مَا یُنَا جِیْہِ وَلَا یَجْھَرُ بَعْضُکُمْ عَلٰی بَعْضٍ بِالْقُرْاٰنِ۔ (رواہ احمد بن حنبل)

" اور حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت بیاضی روایت کرتے ہیں کہ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " نمازی اپنے پروردگار سے (حالت نماز میں) مناجات کرتا ہے لہٰذا اسے چاہئے کہ جو مناجات وہ کرتا ہے اس پر غور کرے (یعنی ذکر و قرأت حضور قلب اور خشوع اور خضوع کے ساتھ کرے) اور قرآن کو پڑھنے میں تم میں سے کوئی ایک دوسرے سے اونچی آواز نہ کرے۔" (مسند احمد بن حنبل)

تشریح
حدیث کے آخری جملہ کا مطلب یہ ہے کہ جب کوئی آدمی قرآن پڑھے خواہ نماز میں پڑھے یا نماز کے علاوہ پڑھے تو اسے اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ اس کی آواز دوسرے نمازی یا دوسرے قاری کی آواز سے اونچی نہ ہو۔ اس طرح کسی ذکر کرنے والے یا سونے والے کے سامنے بھی اونچی آواز سے نہ پڑھے تاکہ ان لوگوں کو اس کی وجہ سے تکلیف نہ پہچنے

یہ حدیث شیئر کریں