جمعے کی اذان سننے والے پر نماز جمعہ واجب ہے
راوی:
وَعَنْ اَبِی ھُرَیْرَۃَ عَنِ النَّبِیِّ صلی اللہ علیہ وسلم قَالَ اَلْجُمُعَۃُ عَلَی مَنْ اَوَاہُ اللَّیْلِ اِلَی اَھْلِہٖ رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ وَقَالَ ھٰذَا حَدِیْثٌ اِسْنَادُہ، ضَعِیْفٌ۔
" اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " جمعے کی نماز اس آدمی پر فرض ہے جو رات اپنے گھر بسر کر سکے۔" (امام ترمذی نے اس روایت کو نقل کیا ہے اور کہا کہ اس حدیث کی اسناد ضعیف ہے۔) "
تشریح
مطلب یہ ہے کہ جمعہ ایسے آدمی پر واجب ہے جس کی جائے سکونت اور اس مقام کے درمیان کہ جہاں نماز جمعہ پڑھی جاتی ہے اتنا فاصلہ ہو کہ نماز جمعہ کے بعد بآسانی رات ہونے سے پہلے پہلے اپنے گھر لوٹ کر آسکے اور رات اپنے اہل و اعیال کے ساتھ گزار سکے۔