مشکوۃ شریف ۔ جلد اول ۔ جمعہ کا بیان ۔ حدیث 1353

نماز جمعہ کے آداب

راوی:

عَنْ سَلْمَانَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وسلم لَا ےَغْتَسِلُ رَجُلٌ ےَّوْمَ الْجُمُعَۃِ وَےَتَطَہَّرُ مَا اسْتَطَاعَ مِنْ طُھْرٍ وَےَدَّھِنُ مِنْ دُھْنِہٖ اَوْ ےَمَسُّ مِنْ طِےْبِ بَےْتِہٖ ثُمَّ ےَخْرُجُ فَلَا ےُفَرِّقُ بَےْنَ اثْنَےْنِ ثُمَّ ےُصَلِّیْ مَا کُتِبَ لَہُ ثُمَّ ےُنْصِتُ اِذَا تَکَلَّمَ الْاِمَامُ اِلَّا غُفِرَ لَہُ مَا بَےْنَہُ وَبَےْنَ الْجُمُعَۃِ الْاُخْرٰی۔(صحیح البخاری)

" حضرت سلمان راوی ہیں کہ سر تاج دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔" جو آدمی جمعے کے دن نہائے اور جس قدر ہو سکے پاکی حاصل کرے اور اپنے پاس سے (یعنی گھر میں جو بلا تکلف میسر ہو سکے) تیل ڈالے اور اپنے گھر سے عطر لگائے اور پھر مسجد کے لئے نکلے اور (مسجد پہنچ کر) دو آدمیوں کے درمیان فرق نہ رکے اور پھر جتنی بھی اس کے مقدر میں ہو (یعنی جمعے کی سنت نوافل یا قضاء نماز پڑھے اور امام کے خطبہ پڑھتے وقت خاموش رہے تو اس جمعے اور گذشتہ جمعے کے درمیان کے اس کے گناہ بخش دئیے جائیں گے۔" (صحیح البخاری )

تشریح
" اور جس قدر ہو سکے پاکی اختیار کرے" کا مطلب یہ ہے کہ لبیں کتروائے ، ناخن کٹوائے، زیر ناف کے بال صاف کرے بغلوں کے بال دور کرے اور پاک و صاف کپڑے پہنے۔
" دو آدمیوں کے درمیان فرق نہ کرے " کا مطلب یہ ہے کہ اگر مسجد میں باپ بیٹا یا ایسے دو آدمی جو آپس میں محبت و تعلق رکھتے ہوں ایک جگہ پاس بیٹھے ہوں تو ان کے درمیان نہ بیٹھے یا دو آدمیوں کے درمیان اگر جگہ نہ ہو تو وہاں نہ بیٹھے کہ انہیں تکلیف ہوگی ہاں اگر جگہ ہو تو کوئی مضائقہ نہیں۔
یا " فرق نہ کرنے" سے مراد یہ ہے کہ لوگوں کو پھلانگتا ہوا۔ ؟ صفوں کو چیرتا پھاڑتا آگے کی صفوں میں نہ جائے بلکہ جہاں جگہ ملے وہیں بیٹھ جائے اور اگر بغیر پھلانگے اور بغیر صفوں کے چیرے پھاڑے پہلی صف میں پہنچ سکتا ہے تو آگے جانے میں کوئی مضائقہ نہیں یہ حکم اس صورت کا ہے جب کہ آگے کی صفوں میں جگہ نہ ہو۔ ہاں اگر یہ سمجھتا ہے کہ اگر میں آگے کی صفوں میں جاؤں گا تو لوگ مجھے وہاں بیٹھنے کی جگہ دیدیں گے یا یہ کہ اگلی صفوں میں جگہ خالی پڑی ہو تو پھر صفوں کو چیر پھاڑ کر بھی آگے جانا درست ہوگا کیونکہ یہ پچھلی صفوں میں بیٹھے ہوئے لوگوں کا قصور ہے کہ وہ آگے بڑھ کر پہلی صفوں میں کیوں نہیں بیٹھتے اور خالی جگہ کو پر کیوں نہیں کرتے۔
در حقیقت یہ حدیث اس طرف اشارہ کر رہی ہے کہ نماز جمعہ کے لئے اول وقت مسجد پہنچ جانا چاہے۔ تاکہ وہاں" فرق نہ کرنے" اور صفوں کو چیرنے پھاڑنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

یہ حدیث شیئر کریں