مشکوۃ شریف ۔ جلد اول ۔ جمعہ کا بیان ۔ حدیث 1363

گردنوں کو پھلانگے پر وعید

راوی:

وَعَنْ مُعَاذِ بْنِ اَنَسٍ الْجُنَھِّنی عَنْ اَبِیْہِ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صَلَّی اﷲُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ مَنْ تَخَطّٰی رِقَابَ النَّاسِ یَوْمَ الْجُمُعَۃِ اُتُّخِذَ جَسْرًا اِلٰی جَھَنَّمَ رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ وَقَالَ ھٰذَا حَدیْثٌ غَرِیْبٌ۔

" اور حضرت معاذ ابن انس جہنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے والد مکرم سے نقل کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " جو آدمی جمعے کے دن ( جامع مسجد میں جگہ حاصل کرنے کے لئے) لوگوں کی گردنیں پھلانگے گا وہ جہنم کی طرف پل بنایا جائے گا " جامع ترمذی نے یہ روایت نقل کی ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث غریب ہے۔"

تشریح
سید نے کہا ہے حدیث کی اسناد عن معاذ ابن انس عن ابیہ سھوا نقل ہوگئی ہے کیونکہ معاذ کے والد انس کو نہ شرف روایت حاصل ہے اور نہ فیض صحبت ہی میسر ہوا ہے لہٰذا صحیح اسناد اس طرح ہے عن سہل ابن معاذ عن ابیہ (سہل ابن معاذ اپنے والد مکرم سے نقل کرتے ہیں) جیسا کہ جامع ترمذی میں منقول ہے۔
حدیث کے الفاظ " جہنم کی طرف پل بنایا جائے گا " کا مطلب یہ ہے کہ قیامت کے دن ایسے آدمی کو اپنے فعل کی مثل بدلہ ملے گا یعنی جس طرح اس نے گردنوں کو پھلانگ کر لوگوں کو اپنی گذر گاہ بنایا اس طرح اس کو جہنم کی طرف پل بنا کر لوگوں کے لئے گذر گاہ بنایا جائے گا۔

یہ حدیث شیئر کریں