خطبے کے وقت نمازی خطیب کی طرف متوجہ ہو کر بیٹھیں
راوی:
وَعَنْ عَبْدِاﷲِ بْنِ مَسْعُوْدٍ قَالَ کَانَ النَّبِیُّ صلی اللہ علیہ وسلم اِذَا اسْتَوَی عَلَی الْمِنْبَرِ اسْتَقْبَلْنَاہُ بِوُجُوْھِنَا رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ وَقَالَ ھٰذَا حَدِیْثٌ لَا نَعْرِفُہ، اِلَّامِنْ حَدِیْثِ مُحَمَّدِ ابْنِ الْفَضْلِ وَھُوَ ضَعِیْفُ ذَاھِبِ الْحَدِیْثِ۔
" اور حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب (خطبے کے وقت ) منبر پر تشریف فرما ہوتے تو ہم اپنے منہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف متوجہ کر لیتے " امام ترمذی رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ نے یہ روایت نقل کی ہے اور کہا ہے کہ اس حدیث کو ہم بجز محمد ابن فضل کی سند کے اور کسی سند سے نہیں جانتے اور وہ ضعیف ہیں انہیں حدیث یاد نہیں رہتی تھی۔"
تشریح
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ لوگوں کے لئے یہ مستحب ہے کہ وہ خطبے کے وقت خطبہ سننے کے لئے اپنے منہ خطیب کی طرف کر کے بیٹھیں۔ اسی طرح خطیب بھی لوگوں کی طرف متوجہ ہو کر خطبہ پڑھے۔
حنفیہ کے نزدیک مسئلہ یہ ہے کہ جب خطیب خطبے کے لئے منبر پر بیٹھے تو لوگوں کو سلام نہ کرے مگر حضرت امام شافعی و امام احمد رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ نے اس سے اختلاف کیا ہے۔