مشکوۃ شریف ۔ جلد دوم ۔ نفل روزہ کا بیان ۔ حدیث 583

بدن کی زکوۃ روزہ رکھنا ہے

راوی:

وعن أبي هريرة رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " لكل شيء زكاة وزكاة الجسد الصوم " . رواه ابن ماجه

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہر چیز کے لئے زکوۃ ہے اور بدن کی زکوۃ روزہ رکھنا ہے۔ (ابن ماجہ)

تشریح
چونکہ زکوۃ کا مفہوم ہے "بڑھنا اور طہارت" اس لئے ہر چیز کے لئے زکوۃ ہے کا مطلب یہ ہو گا کہ ہر چیز کے لئے بڑھوتی ہے جو اس چیز میں سے کچھ دے کر حاصل ہوتی ہے یا ہر چیز کے لئے پاکیزگی و طہارت کا ایک ذریعہ مقرر ہے جس کی وجہ سے وہ چیز پاکیزہ و طاہر ہوتی ہے۔ لہذا بدن کی زکوۃ یعنی بدن کی جسمانی صحت و تندرستی اور بدن کی روحانی پاکیزگی و طہارت کا ذریعہ روزہ ہے کہ روزہ کی وجہ سے اگرچہ بظاہر جسم کی طاقت و قوت کا کچھ حصہ گھلتا اور ناقص ہوتا ہے مگر حقیقت میں روزہ جسم کے نشو نما اور صحت و تندرستی میں برکت و اضافہ کا ایک ذریعہ بنتا ہے نیز اس کی وجہ سے بدن گناہوں سے پاک ہوتا ہے لہٰذا زکوۃ عبادت مالیہ ہے اور روزہ طاعت بدنیہ ۔

یہ حدیث شیئر کریں