مشکوۃ شریف ۔ جلد دوم ۔ پناہ مانگنے کا بیان ۔ حدیث 1003

پناہ مانگنے کے سلسلے میں ایک جامع دعا کی تعلیم

راوی:

وعن شتير بن شكل بن حميد عن أبيه قال : قلت : يا نبي الله علمني تعويذا أتعوذ به قال : " قل اللهم إني أعوذ بك من شر سمعي ومن شر بصري وشر لساني وشر قلبي وشر منيي " . رواه أبو داود والترمذي والنسائي

حضرت شتیر بن شکل بن حمید اپنے والد (حضرت شکل رضی اللہ تعالیٰ عنہ ) سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا کہ میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے کوئی ایسا تعویذ (یعنی ایسی دعا) بتا دیجئے جس کے ذریعہ سے میں پناہ مانگوں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا یہ دعا پڑھو۔ دعا (اللہم انی اعوذبک من شر سمعی وشر بصری وشر لسانی وشر قلبی وشرمنیی)۔ اے اللہ! میں تیری پناہ مانگتا ہوں اپنی سماعت کی برائی سے۔ (کہ اپنے کان سے بری باتیں نہ سنوں) اپنی بینائی کی برائی سے (کہ اپنی آنکھوں سے بری چیزیں نہ دیکھوں) اپنی زبان کی برائی سے کہ اپنی زبان سے برے برے اور بے فائدہ کلمات نہ نکالوں اپنے دل کی برائی سے کہ میرے دل میں برے عقیدے اور حسد اور کینہ وغیرہ کا گزر نہ ہو اور برے کام میں عزم مصمم نہ کروں اور اپنی منی کی برائی سے کہ وہ حرام کاری میں صرف نہ ہو اور میں بنظر شہوت کسی کو نہ دیکھوں۔ (ابوداؤد، ترمذی، نسائی)

یہ حدیث شیئر کریں