باپ کی طرف سے حج کرنے کی اجازت
راوی:
وعن أبي رزين العقيلي أنه أتى النبي صلى الله عليه و سلم فقال : يا رسول الله إن أبي شيخ كبير لا يستطيع الحج ولا العمرة ولا الظعن قال : " حج عن أبيك واعتمر " . رواه الترمذي وأبو داود والنسائي وقال الترمذي : هذا حديث حسن صحيح مرفوع
حضرت ابورزین عقیلی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں منقول ہے کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ! میرا باپ بہت زیادہ بوڑھا ہو گیا ہے وہ نہ تو حج کی طاقت رکھتا ہے اور نہ عمرے کی اور نہ ہی سوار ہونے کی (یعنی بسبب ضعف و کبر سنی نہ تو حج و عمرہ کے افعال و ارکان کی ادائیگی پر قادر ہے اور نہ سوار ہو کر حج و عمرہ کے لئے جا سکتا ہے) آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اس کی طرف سے تم حج وعمرہ کرو۔ (ترمذی، ابوداؤد نسائی) نیز امام ترمذی نے فرمایا ہے کہ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔
تشریح
اس باب کی پہلی فصل میں حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی روایت (حدیث نمبر سات) کی تشریح کے ضمن میں اس روایت کا تذکرہ آ چکا ہے۔