حضرت میمونہ سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نکاح
راوی:
وعن أبي رافع
قال : تزوج رسول الله صلى الله عليه و سلم ميمونة وهو حلال وبنى بها وهو حلال وكنت أنا الرسول بينهما . رواه أحمد والترمذي وقال : هذا حديث حسن
حضرت ابورافع رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب حضرت میمونہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے نکاح کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حالت احرام میں نہیں تھے، اور جب ان کے ساتھ شب زفاف گزاری تب بھی حالت احرام میں نہیں تھے۔ نیز ان دونوں کے درمیان نکاح کا پیغام لے جانے والا میں تھا۔ (احمد، ترمذی) امام ترمذی نے فرمایا ہے کہ یہ حدیث حسن ہے۔
تشریح
یہ حدیث بھی حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی اس روایت کے برخلاف ہے جس میں منقول ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت میمونہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے نکاح اس وقت کیا تھا جب کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حالت احرام میں تھے، اس بارہ میں حدیث نمبر چھ کی تشریح میں بحث کی گئی تھی، اس موقع پر بھی یہ جان لیجئے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی روایت کو بخاری اور مسلم نے نقل کیا ہے جب کہ اس روایت کو ان دونون میں سے کسی نے بھی نقل نہیں کیا ہے، اس بنیاد پر یہ روایت چونکہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی روایت کے مرتبہ کو نہیں پہنچتی اس لئے ترجیح حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما ہی کی روایت کو حاصل ہو گی۔