مکاتب جب تک پورا بدل کتابت ادا نہ کر دے غلام ہی رہے گا
راوی:
وعن عمرو بن شعيب عن أبيه عن جده عن النبي صلى الله عليه و سلم قال : " المكاتب عبد ما بقي عليه من مكاتبته درهم " . رواه أبو داود
اور حضرت عمرو ابن شعیب اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مکاتب ( اس وقت تک ) غلام رہے گا جب تک کہ اس کے بدل کتابت میں سے ایک درہم بھی باقی رہے گا ۔ " ( ابوداؤد )
تشریح :
" مکاتب " اس غلام کو کہتے ہیں جس کو اس کا مالک یہ لکھ کر دے دے کہ جب تم اتنے روپے ادا کرو گے آزاد ہو جاؤ گے ، چنانچہ اسی کے بارے میں فرمایا گیا ہے کہ مالک نے اس کی آزادی کے لئے جتنے روپے مقرر کئے ہیں جب تک وہ پورے مالک کو ادا نہ ہو جائیں گے وہ مکاتب ، غلام ہی رہے گا ، اگر اس مقدار میں سے مثلاً ایک روپیہ بھی باقی رہ گیا تو وہ آزاد نہیں ہوگا ، یہ نہیں ہوگا کہ اس نے جتنا روپیہ مالک کو ادا کر دیا ہے اس کے حساب سے اس کا کچھ حصہ آزاد ہو جائے اور جو روپیہ باقی رہ گیا اس کے مطابق کچھ حصہ غلام رہے ۔