قاضی بننے کی خواہش نہ کرو
راوی:
وعن أنس قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " من ابتغى القضاء وسأل وكل إلى نفسه ومن أكره عليه أنزل الله عليه ملكا يسدده " . رواه الترمذي وأبو داود وابن ماجه
اور حضرت انس کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " جو شخص (اپنے دل میں ) منصب وقضا کی طلب وخواہش کرے اور پھر (سربراہ مملکت سے ) اس کا خواستگار ہو (یہاں تک کہ اس کی خواست گاری پر اس کو قاضی بنا دیا جائے ) تو وہ منصب اس کے نفس کے حوالے کر دیا جاتا ہے (یعنی اس کو اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں اللہ تعالیٰ کی مدد توفیق حاصل نہیں ہوتی ) اور جس کو (اس کی طلب وخواہش کے بغیر ) زبردستی اس منصب پر فائز کیا جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر ایک فرشتے کو مقرر کر دیتا ہے جو اس کو گفتار وکردار میں راست ودرست رکھتا ہے ۔" (ترمذی ، ابوداؤد ، ابن ماجہ )