ٹڈی کا کھانا جائز ہے
راوی:
وعن ابن أبي أوفى قال : غزونا مع رسول الله صلى الله عليه و سلم سبع غزوات كنا نأكل معه الجراد
" اور ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں ہم نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ سات جہاد کئے ، ہم ( ان موقعوں پر ) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ٹڈی کھاتے تھے ۔ " ( بخاری ومسلم )
تشریح
کنانا کل معہ الجراد میں لفظ معہ ( آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ) نہ تو مسلم کی اصل روایت میں ہے اور نہ ترمذی میں ، بلکہ اس حدیث کو جن اور محدثین نے نقل کیا ہے ان میں سے اکثر کی روایت اس لفظ سے خالی ہے ، تاہم جن محدثین نے اپنی روایت میں یہ لفظ مزید نقل کیا ہے انہوں نے اس عبارت کے یہ معنی مراد لئے ہیں کہ " ہم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ رہتے ہوئے ٹڈی کھاتے تھے ۔ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں اس سے منع نہیں فرماتے تھے ۔ " نہ یہ کہ ہم اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ساتھ ٹڈی کھاتے تھے ۔ " یہ تاویل اگرچہ حدیث میں منقول ہے الفاظ کے ظاہری مفہوم کے خلاف ہے لیکن یہ ضروری اس لئے ہے کہ یہ ثابت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ٹڈی نہیں کھائی ہے ۔ بلکہ اس کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد منقول ہے کہ " نہ میں کھاتا ہوں اور نہ حرام قرار دیتا ہوں ۔ "