گھوڑے کا گوشت کھانے کی ممانعت
راوی:
وعن خالد بن الوليد : أن رسول الله صلى الله عليه و سلم نهى عن أكل لحوم الخيل والبغال والحمير . رواه أبو داود والنسائي
" اور حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے گھوڑے، خچروں اور گدھوں کا گوشت کھانے سے منع فرمایا ہے ۔ " ( ابوداؤد ، نسائی )
تشریح
یہ حدیث کہ جس سے گھوڑے کا گوشت کھانے کی ممانعت ثابت ہوتی ہے ضعیف ہے اس لئے یہ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اس حدیث کے معارض نہیں ہو سکتی جو پہلے گزر چکی ہے اور جس سے گھوڑے کے گوشت کی اباحت ثابت ہوتی ہے ، تاہم گھوڑے کے گوشت کھانے کی یہ ممانعت اکثر علماء کے نزدیک اس حدیث کے ذریعہ منسوخ قرار پائی ہے جو پہلے گزر چکی ہے جیسا کہ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت کی تشریح میں یہ مسئلہ پوری وضاحت کے ساتھ بیان ہو چکا ہے ۔