مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ کھانوں کے ابواب ۔ حدیث 190

اجتماعی طور پر کھانا کھانے کی صورت میں سب کے ساتھ ہی کھانے سے ہاتھ کھینچو

راوی:

وعن جعفر بن محمد عن أبيه قال : كان رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا أكل مع قوم كان آخرهم أكلا . رواه البيهقي في " شعب الإيمان " مرسلا

اور حضرت امام جعفر صادق، ابن محمد اپنے والد یعنی امام محمد باقر سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا " رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کے ساتھ کھانا کھاتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے آخر تک کھانے والے شخص ہوتے تھے ۔" اس روایت کو بیہقی نے شعب الایمان میں بطریق ارسال نقل کیا ہے ۔"

تشریح
حضرت امام محمد باقر اصل میں تابعی ہیں، اور ان کو اپنے والد بزرگوار حضرت امام زین العابدین اور حضرت جابر بن عبداللہ سے سماعت حدیث کا شرف حاصل ہے اس اعتبار سے یہ حدیث مرسل ہے ! حدیث کا مطلب یہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم دسترخوان پر موجود دوسرے لوگوں سے پہلے اپنا ہاتھ کھانے سے نہیں کھینچتے تھے آخر تک کھاتے رہتے تھے، اور یا تو یہ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ابتداء میں نہیں کھاتے تھے یا بہت آہستہ آہستہ اور کم کم کھاتے تھے اور اس طرح کھانے کے آخر تک سب کا ساتھ دیتے تھے تاکہ دوسرے لوگ بھی شرم و لحاظ میں کھانا نہ چھوڑ دیں ۔

یہ حدیث شیئر کریں