سب سے سخت عذاب کن لوگوں پر ہوگا
راوی:
وعن ابن عباس قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم إن أشد الناس عذابا يوم القيامة من قتل نبيا أو قتله نبي أو قتل أحد والديه والمصورون وعالم لم ينتفع بعلمه .
اور حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ " قیامت کے دن سخت ترین عذاب اس شخص پر ہو گا جو نبی کو قتل کرے " یا جہاد میں اس کو نبی قتل کرے یا جو والدین میں سے کسی ایک کو قتل کرے اور جو شخص تصویر بنائے، یا جو عالم اپنے علم سے فائدہ نہ اٹھائے یعنی اپنے علم کے مطابق عمل نہ کرے ان پر بھی سخت ترین عذاب ہوگا ۔"
تشریح
جس شخص کو میدان جہاد میں کسی نبی نے قتل کیا ہوگا اس کا سخت ترین عذاب میں مبتلا ہونا ایک اور روایت سے بھی ثابت ہے جس میں فرمایا گیا ہے کہ اشتد غضب اللہ علی رجل تقتلہ رسول اللہ فی سبیل اللہ یعنی اللہ کا سخت ترین غضب (عذاب ) اس شخص پر ہو گا جس کو اللہ کے رسول نے اللہ کی راہ میں یعنی جہاد میں قتل کیا ہو گا ! کیونکہ اللہ کے رسول کا مقتول اصل میں وہی شخض ہوگا جو اللہ کے رسول کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا ہو گا، جہاد کی قید کے ذریعہ گویا اس قتل کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے جو حد اور قصاص کے طور پر ہو۔"