مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ دل کو نرم کرنے والی باتوں کا بیان ۔ حدیث 1083

دنیا ایک بے حیثیت چیز ہے

راوی:

وعن جابر أن رسول الله صلى الله عليه وسلم مر بجدي أسك ميت . قال : " أيكم يحب أن هذا له بدرهم ؟ " فقالوا : ما نحب أنه لنا بشيءقال : " فوالله للدنيا أهون على الله من هذا عليكم " . رواه مسلم

حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ (ایک مرتبہ) رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بکری کے ایک ایسے مردہ بچہ کے پاس سے گزرے جس کے کان بہت چھوٹے تھے یا کٹے ہوئے تھے اور یا اس کے کان تھے ہی نہیں ، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے (اس کو دیکھ کر صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین سے) فرمایا کہ تم میں ایسا کوئی شخص ہے جو اس (مردہ بچہ) کو ایک درہم کے عوض لینا پسند کرے؟ صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا کہ ہم تو اس کو کسی بھی چیز کے عوض لینا پسند نہیں کرسکتے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا " اللہ کی قسم! یہ دنیا (اپنی تمام لذتوں اور آسائشوں کے ساتھ) اللہ کے نزدیک اس سے کہیں زیادہ بے وقعت وکمتر ہے جیسا کہ تمہارے نظر میں یہ" ۔ (مسلم)

تشریح :
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بکری کے اس مردہ بچہ کی مثال کے ذریعہ درحقیقت اس طرف متوجہ فرمایا کہ یہ دنیا ہرگز اس قابل نہیں ہے کہ انسان اس کی محبت وطلب میں آخرت کے نفع نقصان کو فراموش کردے، بلکہ اصل چیز آخرت کی محبت وطلب ہے جہاں کی زندگی بھی لافانی ہے اور جس کی نعمتیں بھی لازوال ہیں، لہٰذا مقصود زندگی آخرت کی محبت وطلب ہونا چاہئے نہ کہ دنیا کی محبت وطلب ، کیونکہ فرمایا گیا ہے۔
حب الدنیا رأس کل خطیئۃ
" دنیا کی محبت و چاہت ہر گناہ کی جڑ ہے"
ترک الدنیا رأس کل عبادۃ
" دنیا سے بے اعتنائی، ہر عبادت کی بنیاد ہے"
اور اس کی وجہ یہ ہے کہ دنیا کی محبت میں گرفتار رہنے والا اپنے اعمال میں مخلص وپاکیزہ نہیں ہوتا بلکہ اس کا ہر کام کسی فاسد غرض ولالچ کی آمیزش رکھتا ہے خواہ وہ کوئی دینی اور مذہبی کام ہی کیوں نہ کرے، اس کے برخلاف جو شخص دنیا سے بے اعتنائی اختیار کئے ہوئے ہوتا ہے اس کے ہر عمل میں اخلاص وپاکیزگی اور آخرت ہی کا مفاد ہوتا ہے ، خواہ وہ کسی دنیاوی کام ہی میں کیوں نہ مشغول ہو، اسی لئے کسی عارف نے کہا ہے کہ جس نے دنیا کو اپنی پسندیدہ اور محبوب چیز بنالیا ہے اس کو تمام مشائخ اور مرشدین مل کر بھی راہ راست پر نہیں لگاسکتے اور جس نے دنیا سے بے اعتنائی کو اپنا شیوہ بنا لیا اس کو دنیا بھر کے مفسد وبدکار لوگ بھی گمراہ نہیں کرسکتے۔

یہ حدیث شیئر کریں