مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ کسب اور طلب حلال کا بیان ۔ حدیث 1235

کسب وکمائی کو اصل رازق نہ سمجھو

راوی:

وعن أنس قال كان أخوان على عهد رسول الله صلى الله عليه وسلم فكان أحدهما يأتي النبي صلى الله عليه وسلم والآخر يحترف فشكا المحترف أخاه إلى النبي صلى الله عليه وسلم فقال لعلك ترزق به رواه الترمذي وقال هذا حديث صحيح غريب

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ میں دو بھائی تھے جن میں سے ایک تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں رہا کرتا تھا کیونکہ اس کے اہل وعیال نہیں تھے، اور وہ حصول معاش کی ذمہ داریوں سے بے فکر ہو کر طاعت وعبادت اور دینی خدمات میں مشغول رہا کرتا تھا، اس وجہ سے اس کے اوقات کا اکثر حصہ بارگاہ رسالت میں حاضر باشی کے ذریعہ حصول علم ومعرفت میں صرف ہوتا تھا اور دوسرا بھائی کوئی کام کرتا تھا یعنی حصول معاش کے لئے کسی ہنر وپیشہ کے ذریعہ کماتا تھا اور دونوں بھائی ایک ساتھ کھاتے پیتے تھے چنانچہ کمانے والے بھائی نے اپنے دوسرے بھائی کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے شکایت کی یعنی میرا بھائی نہ تو میرے کام کاج میں ہاتھ بٹاتا ہے اور نہ خود الگ سے کوئی کام کر کے کماتا ہے اور اس طرح اس کے کھانے پینے کا خرچ مجھے ہی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کی یہ شکایت سن کر فرمایا۔ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ تمہیں اسی کی برکت سے رزق دیا جاتا ہو۔ اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث صحیح غریب ہے۔

تشریح
حضور کے جواب کا مطلب یہ تھا کہ تم یہی کیوں سمجھتے ہو کہ تمہیں جو رزق ملتا ہے وہ حقیقت میں تمہارے کمانے کی وجہ سے ملتا ہے، بلکہ ہو سکتا ہے کہ تم اپنے اس بھائی کے ساتھ جو ایثار کا معاملہ کرتے ہو اور اس کی معاشی ضروریات کا بوجھ برداشت کر کے جس طرھ اس کو فکر و غم سے دور رکھتے ہو اسی کی برکت کی وجہ سے تمہیں بھی رزق دیا جاتا ہو، پس اس صورت میں شکوہ وشکایت کرنے اور اس پر احسان رکھنے کا کوئی موقع نہیں ہے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ علم وعمل اور دینی خدمات کی طرف متوجہ رہنے اور زاد عقبی کی تیار کے لئے دنیاوی مشغولیات کو ترک کرنا جائز ہے ، نیز یہ حدیث اس امر پر بھی دلالت کرتی ہے کہ فقراء اور خاص طور پر اپنے ضرورت مند اور غریب اعزاء واقرباء کی خبر گیری کرنا اور ان کی معاشی ضروریات کی کفالت کرنا، رزق میں وسعت وبرکت کا باعث ہے۔

یہ حدیث شیئر کریں