مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ قیامت سے پہلے ظاہر ہونے والی نشانیاں اور دجال کا ذکر ۔ حدیث 48

دجال مدینہ میں داخل نہیں ہوگا

راوی:

وعن أبي بكرة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال لا يدخل المدينة رعب المسيح الدجال لها يومئذ سبعة أبواب على كل باب ملكان رواه البخاري .

" اور حضرت ابوبکرہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔ " اہل مدینہ دجال کے رعب وخوف سے محفوظ رہیں گے، اس دن جب کہ دجال مدینہ میں داخل ہونے کے ارادہ سے آئے گا ) مدینہ کے سات دروازے ہونگے اور ہر دروازے پر دو فرشتے مامور ہوں گے ( جو دجال کو مدینہ میں داخل نہیں ہونے دیں گے ۔ " ( بخاری )

تشریح
سیوطی نے کہا ہے کہ لوگوں میں جو یہ مشہور ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس دنیا سے رخصت ہو جانے کے بعد حضرت جبرائیل علیہ السلام کا روئے زمین پر آنا موقوف ہوگیا ہے تو یہ بالکل بے اصل بات ہے ، اس غلط خیال کی تردید کے لئے وہ روایت کافی ہے جس کو طبرانی نے نقل کیا ہے ، کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام ہر اس مؤمن کی موت کے وقت تشریف لاتے ہیں جو طہارت وپاکیزگی کی حالت میں ہوتا ہے ایک اور روایت ابونعیم نے نقل کی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا " جب دجال مدینہ کے قریب سے گزرے گا تو اس وقت اچانک اس کی مڈبھیڑ ایک بہت عظیم ہستی سے ہوگی ، دجال پوچھے گا کہ تو کون ہے وہ ہستی جواب دے گی کہ میں جبرائیل علیہ السلام ہوں مجھ کو اللہ تعالیٰ نے اس لئے بھیجا ہے تاکہ میں تجھے اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حرم سے دور رکھوں ۔ "

یہ حدیث شیئر کریں