آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خضاب استعمال نہیں کیا :
راوی:
وعن ثابت قال : سئل أنس عن خضاب رسول الله صلى الله عليه و سلم فقال : إنه لم يبلغ ما يخضب لو شئت أن أعد شمطاته في لحيته – وفي رواية : لو شئت أن أعد شمطات كن في رأسه – فعلت . متفق عليه
اور حضرت ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خضاب کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے فرمایا : آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر اتنی کہاں ہوئی تھی کہ خضاب استعمال فرماتے اگر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی کے سفید بالوں کو گننا چاہتا تو یقینا گن سکتا تھا ۔ ایک روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ اگر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی کے نیچے کے حصہ میں اور کن پٹیوں میں تھی اور کچھ سر مبارک میں ۔
تشریح :
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر اتنی کہاں ہوئی تھی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ الخ۔ سے مراد یہ ہے کہ حضور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال جس عمر میں ہوا وہ کوئی ایسی عمر نہیں تھی جس میں آدمی پر خالص بڑھاپا طاری ہوجاتا ہو، اس عمر کو زیادہ سے زیادہ بڑھاپے کی ابتدا کہا جاسکتا ہے ظاہر ہے کہ اس عمر میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بال اتنے زیادہ سفید نہیں ہوئے تھے کہ خضاب کی ضرورت پیش آتی جو تھوڑے بہت ہوگئے تھے اس کی مقدار اتنی کم تھی کہ بادی النظر میں بھی معلوم نہیں ہوتے تھے ۔