مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ حضرت عثمان کے مناقب کا بیان ۔ حدیث 684

راست روی کی پیشن گوئی

راوی:

وعن مرة بن كعب قال : سمعت من رسول الله صلى الله عليه و سلم وذكر الفتن فقر بها فمر رجل مقنع في ثوب فقال : " هذا يومئذ على هدى " فقمت إليه فإذا هو عثمان بن عفان . قال : فأقبلت عليه بوجهه . فقلت : هذا ؟ قال : " نعم " . رواه الترمذي وابن ماجه وقال الترمذي : هذا حديث حسن صحيح

اور حضرت مرہ ابن کعب کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وہ ارشادات (اپنے کانوں سے ) سنے جن میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (زمانہ نبوت کے بعد وقوع پذیر ہونے والے پر فتن حادثات کا (بطور پیشین گوئی ) ذکر فرمایا تھا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان فتنوں کا تعلق بالکل قریبی زمانہ سے قائم کیا (یعنی یہ بھی فرمایا کہ یہ فتنے مستقبل قریب ہی میں وقوع پزیر ہونے والے ہیں نیز عین اس وقت کہ آپ کے ان ارشادات کا سلسلہ جاری تھا) ایک شخص کپڑا اوڑھے ہوئے سامنے سے گزرا تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے (اس کی طرف اشارہ کرکے ) فرمایا : یہ شخص ان ( پر فتن وپر آشوب ) ایام میں راہ راست پر ہوگا " حضرت مرہ کہتے ہیں کہ (آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے یہ الفاظ سن کر میں اپنی جگہ سے اٹھا اور اس شخص کی طرف بڑھا (کہ دیکھوں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ کون شخص ہے ) تو دیکھا کہ وہ حضرت عثمان ابن عفان ہیں ، حضرت مرہ کا بیان ہے کہ : پھر میں نے حضرت عثمان کا چہرہ گھما کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دکھلایا اور پوچھا کہ کیا یہی صاحب ہیں (جن کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ان پر فتن ایام میں یہ شخص راہ راست پر ہوگا ؟ (آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ہاں " اس روایت کو ترمذی اور ابن ماجہ نے نقل کیا ہے اور ترمذی نے کہا کہ یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں