مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ عشرہ مبشرہ کے مناقب کا بیان ۔ حدیث 733

عشرہ مبشرہ رضی اللہ عنہم کے مناقب کا بیان

راوی:

" عشرہ مبشرہ " ان دس جلیل القدر صحابہ کی جماعت کو کہتے ہیں جنہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خصوصی بشارت عطا فرمائی تھی ، اور وہ ہیں حضرت ابوبکر ، حضرت عمر ، حضرت عثمان ، حضرت علی ، حضرت طلحہ ، حضرت زبیر ، حضرت سعد بن ابی وقاص ، حضرت عبدالرحمن بن عوف ، حضرت ابوعبیدہ بن الجراح ، اور حضرت سعید بن زید ، یہ سب حضرات قریشی ہیں اور ان کے لئے جو افضلیت ، مناقب اور احادیث منقول ہیں وہ اوروں کے حق میں منقول نہیں ہیں یہاں یہ واضح کردینا ضروری ہے کہ جنت کی یہ خصوصی بشارت صرف انہی دس صحابہ کے حق میں منقول نہیں ہے بلکہ اہل بیت نبوت یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد اور ازواج مطہرات کے حق میں بھی اور ان کے علاوہ کچھ دوسرے صحابہ کے حق میں بھی منقول ہے ۔
صرف ان دس صحابہ کے ذکر کے لئے اس علیحدہ باب کے قائم کرنے کی وجہ اس کے علاوہ کچھ نہیں کہ کسی ایک حدیث میں یا الگ الگ حدیثوں میں مختلف خصوصی حیثیتوں سے ان کا جو ذکر آیا ہے وہ یکجا ہوجائے تاہم اس باب میں اس طرف اشارہ ضرورپایا جاتا ہے کہ صحابہ کی اس مبارک جماعت (عشرہ مبشرہ ) کو اس ترتیب کے ساتھ تمام صحابہ پر فضیلت وبرتری حاصل ہے کہ پہلے خلفاء اربعہ سب سے افضل ہیں اور پھر باقی حضرات دیگر تمام صحابہ سے افضل ہیں ۔

یہ حدیث شیئر کریں