مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ مناقب کا جامع بیان ۔ حدیث 907

علی ، ابوذر ، مقداد ، سلمان

راوی:

وعن بريدة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " إن الله تبارك وتعالى أمرني بحب أربعة وأخبرني أنه يحبهم " . قيل يا رسول الله سمهم لنا قال : " علي منهم " يقول ذلك ثلاثا " وأبو ذر والمقداد وسلمان أمرني بحبهم وأخبرني أنه يحبهم " . رواه الترمذي وقال : هذا حديث حسن غريب

اور حضرت بریدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ نے مجھ کو چار آدمیوں سے (علی الخصوص ) محبت رکھنے کا حکم دیا اور یہ بتایا کہ وہ (اللہ سبحانہ وتعالیٰ ) بھی ان چاروں سے محبت رکھتا ہے (یہ ارشاد سن کر ) صحابہ نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !ہمیں بھی ان چاروں کے نام بتادیجئے (تاکہ ہم بھی ان سے اس بناء پر محبت رکھیں کہ اللہ اور اللہ کا رسول ان سے محبت رکھتا ہے ) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ان میں سے ایک تو علی ہیں ، یہ الفاظ آپ نے تین مرتبہ فرمائے (تاکہ لوگ جان لیں کہ ان چاروں میں سے سب سے افضل علی ہیں یا اس طرف اشارہ کرنے کے لئے یہ الفاظ تین بار فرمائے کہ جتنی محبت مجموعی طور پر باقی تینوں سے رکھی جائے اتنی تنہا علی سے رکھنی چاہئے ) ایک ابوذر ہیں ایک مقداد ہیں اور ایک سلمان ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے مجھ کو حکم دیا ہے کہ میں ان چاروں سے محبت رکھوں اور یہ بتایا کہ وہ بھی ان چاروں سے محبت رکھتا ہے اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث غریب حسن ہے ۔ "

یہ حدیث شیئر کریں