شام کی فضیلت
راوی:
وعن عمر رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " رأيت عمودا من نور خرج من تحت رأسي ساطعا حتى استقر بالشام " . رواهما البيهقي في " دلائل النبوة "
اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " میں نے (خواب میں ) دیکھا کہ نور کا ایک ستون میرے سر کے نیچے سے برآمد ہوا ، اوپر کو بلند ہوا اور پھر ملک شام میں جا کر نصب ہوگیا " ان دونوں روایتوں کو بیہقی نے دلائل النبوۃ میں نقل کیا ہے ۔ "
تشریح :
اس میں اس طرف اشارہ تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دین بہت تیزی کے ساتھ ملک شام میں پہنچے گا، اس کے برکات واثرات بہت مضبوطی کے ساتھ اس سر زمین پر قائم رہیں گے اور اس ملک میں اس کو سربلندی وشوکت اور غلبہ حاصل ہوگا ، اسی مفہوم میں اس روایت کو لینا چاہئے جس میں بیان کیا گیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے وقت آپ کی والدہ ماجدہ کے پیٹ سے ایک نور نکلا جس کی روشنی سے شام کے محلات ومکانات منور ہوگئے ۔