اس امت کی انتہائی فضیلت
راوی:
وعن بهز بن حكيم عن أبيه عن جده أنه سمع رسول الله صلى الله عليه و سلم يقول في قوله تعالى : [ كنتم خير أمة أخرجت للناس ] قال : " أنتم تتمون سبعين أمة أنتم خيرها وأكرمها على الله تعالى " رواه الترمذي وابن ماجه والدارمي وقال الترمذي : هذا حديث حسن
" اور حضرت بہز بن حکیم بن معاویہ بن حیدہ قشیری بصری اپنے والد (حضرت حکیم بن معاویہ ) سے اور وہ بہز کے دادا ( اور اپنے والد حضرت معاویہ ابن حیدہ ) سے روایت کر تے ہیں کہ انہوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کے ارشاد : کنتم خیر امۃ اخرجت للناس کی تفسیر میں یہ فرماتے ہوئے سنا کہ : ( اے اہل اسلام ) تم ستر امتیوں کو تمام کر تے ہو اور اللہ کے نز دیک تم ان امتوں میں سب سے بہتر اور گرامی قدر ہو ۔ اس روایت کو ترمذی ابن ماجہ ، اور دارمی نے نقل کیا ہے اور ترمذی نے کہا ہے کہ یہ حدیث " حسن " ہے۔ "
تشریح :
کنتم خیر امۃ اخرجت للناس کا ترجمہ ہے : امتوں میں سب سے بہتر امت تم تھے جسے لوگوں ( کی ہدایت وبھلائی ) کے لئے پیدا کیا گیا ۔ پس کنتم ( تم تھے ) سے مراد یہ ہے کہ اپنی اس خصوصیت اور وصف کے ساتھ تم روز اول سے اللہ کے علم و ارادہ میں تھے جس کا ظہور اس دنیا میں اب میرے آ نے کے بعد ہوا ہے ۔ یا یہ کہ لوح محفوظ میں اس وصف و خصوصیت کے ساتھ تمہارا ذکر روز اول ہی آ گیا ۔ اور یا یہ کہ گز شتہ امتوں کے درمیان تمہارا ذکر اسی وصف و خصوصیت کے ساتھ یعنی " خیر امت " کی حیثیت سے ہوتا تھا۔
بہر حال " خیر امت " میں اس امت سے مراد اس امت کے تمام ہی اہل ایمان مراد ہیں خواہ وہ عام امتیوں میں سے ہو یا خواص میں سے ۔ حقیقت یہ ہے کہ حسن اعتقاد، ایمان کی راہ میں ثابت قدم رہنے ، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے تئیں بہت زیادہ محبت و تعلق رکھنے، ایمان سے نہ پھر نے ، اسلام کی غلامی کے دائرہ سے اپنے کو باہر نہ رکھنے اور ان جیسی دوسری خصوصیات و صفت رکھنے کے سبب ہر امتی اس فضیلت میں شامل ہے جو پچھلی تمام امتوں کے مقابلہ میں اس امت مرحومہ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا ہوئی ہے، تاہم بعض حضرات کا یہ کہنا ہے کہ " خیر امت " کا مصداق مخصوص طور پر اس امت کی وہ جماعت ہے جو " خواص " سے تعبیر کی جاتی ہے یعنی علماء صادقین شہداء اسلام اور صالحین امت ان حضرات کے نز دیک " خیر " سے مراد خیر تامہ کا ملہ مخصوصہ ہے اسی طرح بعض حضرات نے اس کا مصداق " مہاجرین کی جماعت " کو قرار دیا ہے ، لیکن یہ حضرات " خیرامت " کے مفہوم کو ایک محدود دائرہ تک کیوں رکھتے ہیں اور اس کے مصداق کو کسی خاص طبقہ میں منحصر کیوں کر تے ہیں اس کی وجہ ظاہر نہیں ہے ۔ لہٰذا حق یہ ہے کہ " خیر امت " کے مفہوم کو مخصوص کرنے کے بجائے عام رکھا جائے ۔
" سترا امتوں " میں ستر کا عدد تحد ید کے لئے نہیں ، بلکہ تکیثر کے لئے ہے، کیونکہ اس عدد کا ذکر اظہار تکثیر کے موقعوں پر زیادہ آتا ہے اور یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ " ستر امتوں " سے مراد وہ گزشتہ امتیں ہیں جو بڑی بڑی تھیں اور جن کا عدد ستر تک پہنچتا ہے اور انہیں کے ضمن میں تمام چھوٹی چھوٹی امتیں بھی آ جاتی ہیں ۔
" تم ستر امتوں کو تمام کر تے ہو ۔ ۔ ۔ " میں " اتمام " در اصل " ختم " کے معنی میں ہے مطلب یہ کہ جس طرح تمہارے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبین اور تمام رسولوں کے سردار ہیں اسی طرح تم بھی تمام امتیوں کے خاتم ، تمام امتوں سے زیادہ گرامی قدر اور اتم ہو ، پچھلی تمام امتوں پر امت محمدی کی فضیلت وبرتری کے اظہار کے لئے بغوی رحمتہ اللہ علیہ نے ایک اور روایت اپنی سند کے ساتھ بطریق مر فوع نقل کی ہے جس کے الفاظ ہیں ۔
قال ان الجنۃ حرمت علی الا نبیاء کلھم حتی ادخلھا وحرمت علی الا مم حتی تد خلھا ۔
" آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : حقیقت یہ کہ جنت تمام انبیاء پر حرام ہے جب تک کہ میں اس میں نہ پہنچ جاؤں اور جنت تمام امتوں پر حرام ہے جب تک کہ میری امت اس میں داخل نہ ہو جائے ۔ "
اور یہ چیز اس امت کے حسن خاتمہ کی طرف اشارہ کرتی ہے جو اس کے حسن بدأت پر مبنی ہے اس کی طرف اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد انالذین سبقت لھم منا الحسنی بھی اشارہ کرتی ہے پس یہ امت محمدی اس دنیا میں آ نے کے اعتبار سے اگرچہ سب کے بعد ہے لیکن فضل و شرف اور مقام و مرتبہ میں سب سے اعلی ہے والحمد للہ الذی جعلنا من اھل الا سلام وعلی دین نبینا صلی اللہ علیہ وسلم والحمدللہ الذی بنعمتہ تتم الصالحات و بشکرہ تزید البرکات والخیرات ۔