مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ یمن اور شام اور اویس قرنی کے ذکر کا باب ۔ حدیث 988

زما نئہ رسالت کے بعد کے امتیوں کی فضیلت

راوی:

وعن أبي محيريز قال : قلت لأبي جمعة رجل من الصحابة : حدثنا حديثا سمعته من رسول الله صلى الله عليه و سلم . قال : نعم أحدثكم حديثا جيدا تغدينا مع رسول الله صلى الله عليه و سلم ومعنا أبو عبيدة بن الجراح فقال : يا رسول الله . أحد خير منا ؟ أسلمنا وجاهدنا معك . قال : " نعم قوم يكونون من بعدكم يؤمنون بي ولم يروني " . رواه أحمد والدارمي وروى رزين عن أبي عبيدة من قوله : قال : يا رسول الله . أحد خير منا إلى آخره

" اور حضرت ابن محیریز رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ ( تابعی ) بیان کر تے ہیں کہ میں نے حضرت ابوجمعہ سے جو صحابہ میں سے ایک شخص ہیں ، درخواست کی کہ آپ ہمارے سا منے کوئی ایسی حدیث بیان کیجئے جو آپ نے خود رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی لسان مبارک سے سنی ہو ، حضرت ابوجمعہ نے کہا : ہاں میں تمہارے سا منے ایک بڑی عمدہ حدیث بیان کروں گا ( جو بہت فائدہ پہنچائے گی اور تمہیں خیر و فضیلت کی بشارت بھی عطا کرے گی ، تو سنو ) ایک دن ہم صبح کے کھانے پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے ہمارے درمیان ( مشہور صحابی ) حضرت ابوعبیدہ بن الجراح بھی تھے ( جو عشرۃ مبشرہ میں سے ہیں ) ابوعبیدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ( نعمت الہیٰ کے شکر اور ذات رسالت پناہ کے انعام واحسان کے ذکر کے طور پر ) کہا کہ یا (رسول اللہ ! کیا کوئی شخص ہم سے بھی بہتر ہو سکتا ہے ہم تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے ( آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر ) ایمان واسلام قبول کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے شانہ بشانہ دشمنان دین کے خلاف جہاد کیا، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے (یہ سن کر ) فرمایا : ہاں تم سے بھی بہتر لوگ ہیں اور وہ لوگ وہ ہیں جو تمہارے بعد پیدا ہوں گے اور مجھ پر ایمان لائیں گے جب کہ انہوں نے مجھے دیکھا بھی نہیں ہوگا اس روایت کو احمد اور دارمی نے نقل کیا ہے، نیز رزین نے اس روایت کو حضرت ابوعبیدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ان کے اپنے الفاظ سے آخر تک نقل کیا ہے ( یعنی رزین کی نقل کردہ حدیث میں ابن محیریز اور ابوجمعہ کے مکالمہ کا ذکر نہیں ہے ۔ "

تشریح :
" ہاں تم سے بھی بہتر لوگ ہیں " یعنی وہ لوگ اس جہت سے تم سے بہتر ہیں کہ وہ مجھے بغیر دیکھے مجھ پر ایمان لائیں گے، اگرچہ اس حیثیت سے کہ تمہیں سبقت اسلام میری صحبت و زیارت اور میرے ساتھ جہاد میں شریک ہونے کی سعادت عظمی حاصل ہے ان لوگوں پر تمہاری فضیلت و برتری مسلم ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں