مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ یمن اور شام اور اویس قرنی کے ذکر کا باب ۔ حدیث 979

اس امت کے ثواب کا بیان

راوی:

اس امت سے مراد امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم ہے ، یعنی وہ جماعت یا وہ گروہ جو اجابت اور متابعت دونوں کا جامع ہے ۔ جس نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ کا نبی و رسول بھی مانا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع وپیروی بھی کی چنانچہ اس جماعت کو فرقہ ناجیہ ، (نجات یافتہ گروہ سے تعبیر کیا جاتا ہے ) پس " تنقیح" میں لکھا ہے کہ مبتدع ( یعنی وہ شخص کہ جو بدعت نکالے اور بدعت اختیار کرے) علی الاطلاق امت میں سے نہیں ہے اور جیسا کہ " توضیح" میں ، علی الاطلاق امت میں سے اہل سنت والجماعت ہیں اور وہ لوگ ہیں جن کے دین پر چلنے کا راستہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور رسول اللہ کے صحابہ کا راستہ کے مطابق ہے اور صاحب تلویح نے لکھا ہے کہ مبتدع کو علی الاطلاق امت میں سے خارج اس لئے کہا جاتا ہے کہ اگرچہ وہ اہل قبلہ میں سے ہوں مگر وہ " امت دعوت " ہی کے حکم میں ہوں گے جیسا کہ کفار " امت دعوت " ہیں ان کا شمار " امت اجابت " میں نہیں ہوگا ۔
امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم : دوسری تمام امتوں اور ملتوں کے مقابلہ میں اس امت مرحومہ کے فضائل و مناقب اور اس کے اجروثواب کی کثرت حد حصر سے خارج اور حیطہ بیان سے باہر ہے ، بلاشبہ یہ امت رسول صلی اللہ علیہ وسلم تمام دوسری امتوں سے افضل اور برتر ہے ، اس امت کی فضیلت وبر تری کو ثابت کرنے کے لئے قرآن کریم میں خالق کائنات عزوجل کا یہ ارشاد کافی ہے ۔
کنتم خیر امۃ اخرجت للناس۔
" (اے امت محمدیہ ) تم لوگ سب سے اچھی امت ہو جس کو لوگوں کی ہدایت اور راہنمائی کے لئے ظاہر کیا گیا ہے۔ "
اور یہ ارشاد کہ :
وکذلک جعلنکم امۃ وسطالتکونوا شھداء علی الناس۔
" اور اسی لئے ہم نے تم کو (اے امت محمد یہ) ایسی امت بنایا ہے جو ہر پہلو سے نہایت اعتدال پر ہے تا کہ تم (مخالف ) مقابلے میں گواہ ہو۔ "
اور اس امت کی تعریف میں خود یہی ایک بات سب سے بھاری ہے کہ وہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی امت ہے جو خاتم النبین ' سیدالمر سلین اور افضل الخلائق ہیں اور یہ کہ تمام انبیاء اور رسولوں نے آ رزو کی کہ کاش وہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ پاتے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کا ایک فرد ہونے کا شرف حاصل کر تے ' اس کے علاوہ اس کے خصائص وکمالات اور کرامات وفضائل میں ایسی چیزیں ثابت ہیں جو پچھلی امتوں میں سے کسی بھی امت کے لئے ثابت نہیں ہیں اللھم اجعلنا من امۃ وارزقنا محبتہ وتوفنا علی دینہ وملتہ برحمتک یا ارحم الراحمین۔

یہ حدیث شیئر کریں