دمشق کا ذکر
راوی:
وعن أبي الدرداء أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : " إن فسطاط المسلمين يوم الملحمة بالغوطة إلى جانب مدينة يقال لها : دمشق من خير مدائن الشام " . رواه أبو داود
اور حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (دجال کے خلاف ) فوجی کاروائی اور جنگ وجدال کے دنوں میں مسلمانوں کے جمع ہونے کی جگہ " غوطہ " ہے جو شام کے اس شہر کا نواحی علاقہ ہے جس کو دمشق کہا جاتا ہے اور دمشق شام کے شہروں میں سے بہترین شہر ہے ۔ " (ابوداؤد )
تشریح :
من خیر مدائن الشام کے الفاظ " دمشق " کی صفت ہے جس کو ترجمہ میں واضح کردیا گیا ہے اور جیسا کہ پچھلی حدیث میں گزرا " غوطہ " بھی دمشق کے قریب واقع ہے اور ان دونوں حدیثوں میں بظاہر ایک فرق نظر آتا ہے کہ وہاں تو دمشق کو فسطاط کہا گیا تھا اور یہاں غوطہ کو فسطاط کہا گیا ہے ، لیکن " غوطہ " چونکہ دمشق کے قریب اور اسی کا نواحی علاقہ ہے ، اس لئے حقیقت میں ان دونوں کے درمیان کوئی تضاد اور فرق نہیں ہے ۔