اہل بدر کے فضائل
راوی:
اصحاب بدر کے فضائل میں سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی لسان مبارک کے ذریعہ جنت کی بشارت دی ہے چنانچہ فرمایا کہ وجبت لکم الجنۃ (اے اصحاب بدر تمہارے لئے جنت واجب ہوگئی )
ان حضرات کی ایک بڑی فضیلت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے اگلے پچھلے تمام گناہ بخش دئیے ہیں یہاں تک کہ اگر یہ فرض کر لیا جائے کہ ان میں سے کوئی کسی گناہ کا مرتکب ہوا ہوگا تو اس کو توبہ کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ تو پہلے بخشا جا چکا ہے ، اور اس کا جنت میں جانا طے ہوچکا ہے ہاں یہ اور بات ہے کہ اس کا وہ گناہ اس دنیا میں شرعی سزا کا متقاضی پا گیا ہو اور اس پر اس دینا میں اس شرعی سزا کانفاذ بھی کیا گیا ہو۔
یہ بھی انہی کے فضائل میں سے ہے کہ جنگ بدر میں اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کونازل کیا اور ان فرشتوں نے اصحاب بدر کے ساتھ مل کر دشمنان دین سے جنگ کی اس بارے میں کوئی اختلاف نہیں ہے ، تمام ہی علماء اس پر متفق ہیں جب کہ دوسرے غزوات مثلا احد اور حنین کے بارے میں علماء کے اختلافی اقوال ہیں ۔