مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ اہل بدر میں سے ان صحابہ کے ناموں کا ذکر جو جامع بخاری میں مذکور ہیں ۔ حدیث 927

خبیب بن عدی انصاری

راوی:

حضرت خبیب جنگ بدر میں شریک تھے پھر ٣ھ میں جب غزوہ رجیع میں گئے تو وہاں مشرکوں نے ان کو قیدی بنا لیا اور مکہ لے کر آئے یہاں مکہ میں ان کو حارث بن عامر کے بیٹوں نے خرید لیا ، حارث بن عامر مکہ کا وہ مشرک تھا جس کو حضرت خبیب نے جنگ بدر میں جہنم رسید کیا تھا اور اس کا بدلہ چکانے کے لئے حارث کے بیٹوں نے ان کو خریدا ، چنانچہ انہوں نے پہلے تو حضرت خبیب کو قید میں ڈالے رکھا اور پھر مقام تنعیم میں ان کو سولی پر لٹکا کر شہید کر دیا ، حضرت خبیب پہلے مسلمان ہیں جن کو سولی پر کھینچا گیا ۔ اور انہوں ہی نے مقتل میں قتل کے وقت دو رکعت نماز پڑھنے کا طریقہ جاری کیا ، ایک روایت میں آیا ہے کہ جب ان کو سولی پر کھینچا جانے لگا تو یہ الفاظ ان کی زبان پر تھے کہ خدایا !یہاں میں کسی ایسے شخص کو نہیں پارہا ہوں جو پیغمبر اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو میرا سلام پہنچا دے ، خدایا توہی میرا سلام پیغمبر اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پہنچا۔ چنانچہ منقول ہے کہ جب جبرائیل علیہ السلام آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور خبیب کا سلام پہنچا یا ۔ رضی اللہ عنہ ۔

یہ حدیث شیئر کریں