حمزہ بن عبد المطلب
راوی:
حضرت حمزہ بن عبد المطلب رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہاشمی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا ہیں ان کو سید الشہداء کا لقب عطا ہوا تھا بعض حضرات نے " اسد اللہ " کا لقب بھی لکھا ہے ، ان کی ماں کا نام ہالہ بنت وہب ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ ماجدہ حضرت آمنہ کی بہن ہیں اور اس اعتبار سے حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے خالہ زاد بھائی ہیں ۔
سید الشہداء حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ شجاع قومی اور دلاور انسان تھے ، ان کی شجاعت وبہادری کے واقعات سے اسلامی تاریخ وسیر کی کتابیں بھری ہیں ، ایک حدیث میں آیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : میں نے دیکھا کہ فرشتے حمزہ بن عبد المطلب اور حنظلہ بن راہب کو غسل دے رہے ہیں ، اور یہ بھی حدیث میں آیا ہے کہ حمزہ اللہ کے نزدیک ساتویں آسمان پر یوں لکھے ہوئے ہیں ۔ حمزۃ بن عبد المطلب اسد اللہ واسد رسولہ (حمزہ بن عبد المطلب ، جو اللہ کا اور اللہ کے رسول کا شیر ہے ) ۔ رضی اللہ عنہ