مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ مناقب کا جامع بیان ۔ حدیث 875

اصحاب بدر کا مرتبہ

راوی:

وعن رفاعة بن رافع قال : جاء جبريل إلى النبي صلى الله عليه و سلم فقال : " ما تعدون أهل بدر فيكم " . قال : " من أفضل المسلمين " أو كلمة نحوها قال : " وكذلك من شهد بدرا من الملائكة " . رواه البخاري

اور حضرت رفاعہ بن رافع بیان کرتے ہیں کہ جبرائیل علیہ السلام نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور پوچھا کہ غزوہ بدر میں شریک ہونے والوں کو آپ اپنوں میں سے کس طبقہ کے لوگوں میں شمار کرتے ہیں ؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ہم ان کو سب سے اعلی وسب سے بہتر مسلمانوں میں شمار کرتے ہیں ، یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی طرح کے کچھ الفاظ میں جواب دیا (اورظاہر یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یوں فرمایا ہوگا ہم افضل المسلمین یعنی وہ اصحاب بدر سب سے اعلی وسب سے بہتر مسلمان ہیں ) حضرت جبرائیل علیہ السلام (یہ سن کر ) بولے : ایسا ہی ان فرشتوں کے بارے میں (ہم سمجھتے ہیں ) جو غزوہ بدر میں (اہل اسلام کی مدد کے لئے ) شریک ہوئے تھے ۔ " (بخاری )

تشریح :
حضرت جبرائیل علیہ السلام کا مطلب یہ تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اصحاب بدر کو دوسرے تمام مسلمانوں سے افضل جانتے ہیں ۔ اسی طرح ہمارا خیال بھی یہی ہے کہ فرشتوں میں سے جو فرشتے غزوہ بدر میں شریک ہوئے وہ ان تمام فرشتوں سے افضل ہیں جن کو اس غزوہ میں شرکت کا موقع نصیب نہیں ہوا ۔ "

یہ حدیث شیئر کریں