مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ قیامت صرف برے لوگوں پر قائم ہوگی ۔ حدیث 87

جب تک روئے زمین پر ایک بھی اللہ کا نام لیوا موجود ہے قیامت نہیں آسکتی

راوی:

عن أنس أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال لا تقوم الساعة حتى لا يقال في الأرض الله الله . وفي رواية لا تقوم الساعة على أحد يقول الله الله . رواه مسلم .

" حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔" " قیامت اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک روئے زمین پر اللہ اللہ کہنا موقوف نہ ہو جائے ۔ " اور ایک روایت میں یوں ہے کہ فرمایا قیامت اس شخص پر قائم نہیں ہوگی جو اللہ اللہ کہتا ہوگا ۔ " ( مسلم )

تشریح :
مطلب یہ ہے کہ جب قیامت آئے گی تو اس وقت روئے زمین میں ایسا کوئی شخص باقی نہیں ہوگا جو اللہ کا نام لیوا اور اس کی پرستش کرنے والا ہو بلکہ سب کے سب کافر و بت پرست ہوں گے اس سے معلوم ہوا کہ اس کائنات کو وجود وبقا درحقیقت با عمل علماء وذاکرین وصالحین اور نیکو کاروں کے وجود کی برکت سے ہے ، جب ان کو اس دنیا سے اٹھا لیا جائے گا تو دنیا بھی باقی نہیں رہے گی ۔

یہ حدیث شیئر کریں