مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ مناقب کا جامع بیان ۔ حدیث 848

وہ چار صحابہ جن سے قرآن سیکھنے کا حکم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے دیا

راوی:

وعن عبد الله بن عمرو أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : " استقرؤوا القرآن من أربعة : من عبد الله بن مسعود وسالم مولى أبي حذيفة وأبي بن كعب ومعاذ بن جبل " . متفق عليه

اور حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا قرآن ان چار آدمیوں سے حاصل کرو اور ان سے پڑھو عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے، ابوحذیفہ کے آزاد کردہ غلام سالم رضی اللہ عنہ سے ، ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے اور معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے ۔ " (بخاری ومسلم )

تشریح
ان چاروں حضرات صحابہ نے قرآن کریم براہ راست سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم سے حاصل کیا اور سیکھا تھا جب کہ اوروں نے دوسرے حضرات سے قرآن سیکھا اور حاصل کیا تھا ۔ یہ چاروں حافظ قرآن بھی تھے اور صحابہ میں بڑے قاری بھی تھے ۔ چنانچہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان چاروں کی خصوصی فضیلت سے لوگوں کو آگاہ فرمایا ۔ "
حضرت سالم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کا نام سالم بن معقل رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہے حضرت حذیفہ بن عتبہ بن رببیعہ بن عبد شمس کے آزاد کردہ غلام ہیں فارس ایران کے شہر اصرخ یا اصطحرخ کے رہنے والے تھے ارباب فضل و کمال جلیل القدر اور بزرگ صحابہ میں ان کا شمار ہوتا ہے غزوہ بدر میں شریک تھے مدینہ میں ان مہاجرین کی امامت نماز کا شرف انہی کو حاصل ہوتا تھا جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے ہجرت کر کے آگئے تھے باوجودیکہ ان میں عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت ابوسلمہ بھی موجود ہوتے تھے۔ حضرت اوحذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اصل نام ہشام تھا ۔ فضلائے صحابہ اور مہاجرین اولین میں ہے ہیں ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دار ارقم میں آنے میں سے پہلے ہی مشرف بہ اسلام ہو گئے تھے۔
حضرت ابی بن کعب : حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ انصار صحابہ کرام میں سے ہیں بڑے قاری ہیں ، ان کو سید القراء کہا جاتا تھا حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کو سید المسلمین کے لقب سے یاد کرتے تھے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتب وحی ہیں۔
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی انصار سے ہیں ۔ ان کے فضائل و مناقب بھی بے شمار ہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے اور حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے درمیان بھائی چارہ کرایا تھا۔

یہ حدیث شیئر کریں