مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر والوں کے مناقب کا بیان ۔ حدیث 814

اسامہ کے تئیں شفقت ومحبت کا اظہار

راوی:

وعن عائشة قالت : أراد النبي صلى الله عليه و سلم أن ينحي مخاط أسامة . قالت عائشة : دعني حتى أكون أنا الذي أفعل . قال : " يا عائشة أحبيه فإني أحبه " . رواه الترمذي

اور ام المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ (ایک دن ) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ (کے بچپن میں ان ) کی رینٹ کو صاف کرنا چاہا (جیسا کہ بچوں کی ناک صاف کر دیا کرتے ہیں ) تو میں نے (اس بات کو خلاف ادب جان کر کہ میری موجودگی میں اسامہ کی رینٹ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم صاف کریں ) عرض کیا کہ آپ رہنے دیجئے یہ کام میں کر دوں گی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " عائشہ ! تم اسامہ سے محبت رکھو کیونکہ میں اس کو عزیز و محبوب رکھتا ہوں ۔ " (ترمذی )

تشریح
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو گویا اس طرف متوجہ فرمایا کہ اگر اسامہ رضی اللہ عنہ سے تم کو طبعا محبت و انسیت نہ بھی ہو تو بھی اس بناء پر کہ محبوب بھی محبوب ہوتا ہے اسامہ کو عزیز و محبوب رکھو کیونکہ میں اس کو عزیز محبوب رکھتا ہوں حقیقت میں کمال محبت یہی ہے کہ محبوب سے گزر کر اس کے متعلقین اور اس سے وابستہ چیزوں تک سرایت کر جائے خواہ وہ آدمی ہوں یا دیار وطن وغیرہ ۔

یہ حدیث شیئر کریں