حضرت عیسیٰ علیہ الصلوۃ والتسلیم کے نازل ہونے کا بیان
راوی:
" حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نازل ہونے " سے مراد ان کا آسمان سے زمین پر اترنا ہے ، چنانچہ یہ بات صحیح احادیث کے ذریعہ باتحقیق ثابت ہے کہ قیامت کے قریب حضرت عیسیٰ علیہ السلام آسمان سے اتر کر دنیا میں تشریف لائیں گے ، محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کا اتباع کریں گے اور اپنے تمام احکام وفرامین شریعت محمدی کے مطابق جاری ونافذ کریں گے جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام بعض ایسے احکام جاری کریں گے جو شریعت محمدی میں نہیں ہونگے جیسے جزیہ کو اٹھا دینا وغیرہ تو وہ بیان مدت کے قبیل سے ہے جیسا کہ نسخ کا مسئلہ ہے اور اس اعتبار سے اس زمانہ میں وہ احکام بھی شریعت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم ہی کا ایک جزء ہوں گے ۔