مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ حضرت علی بن ابی طالب کے مناقب کا بیان ۔ حدیث 705

کمال قرب وتعلق کا اظہار

راوی:

عن عمران بن حصين أن النبي صلى الله عليه و سلم قال : " إن عليا مني وأنا منه وهو ولي كل مؤمن " . رواه الترمذي

" حضرت عمران ابن حصین سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا حقیقت یہ ہے کہ علی مجھ سے اور میں علی سے ہوں نیز وہ علی تمام اہل ایمان کے دوست ومددگار ہیں ۔" (ترمذی )

تشریح :
" علی مجھ سے ہیں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ " یہ ارشاد گرامی دراصل کمال قرب وتعلق اخلاص ویگانگت اور نسب ونسل میں باہم اشتراک سے کنایہ ہے وہ (علی ) تمام اہل ایمان ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ان الفاظ میں قرآن کریم کی اس آیت کی طرف اشارہ ہے (اِنَّمَا وَلِيُّكُمُ اللّٰهُ وَرَسُوْلُه وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوا الَّذِيْنَ يُقِيْمُوْنَ الصَّلٰوةَ وَيُؤْتُوْنَ الزَّكٰوةَ وَهُمْ رٰكِعُوْنَ) 5۔ المائدہ : 55)
" تمہارے دوست ومدد گار تو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول اور اہل ایمان ہیں جو اس طرح نماز کی پابندی رکھتے ہیں اور زکوۃ دیتے ہیں کہ ان میں خشوع ہوتا ہے ۔"

یہ حدیث شیئر کریں