مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ ابن صیاد کے قصہ کا بیان ۔ حدیث 70

ابن صیاد واقعہ حرہ کے دن عائب ہو گیا تھا

راوی:

وعن جابر رضي الله عنه قال قد فقدنا ابن صياد يوم الحرة . رواه أبو داود .

" اور حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ ہم نے واقعہ حرہ کے دن ابن صیاد کو غائب پایا تھا ۔ " ( ابوداؤد )

تشریح :
اگر الفاظ حدیث کے ظاہر معنی مراد ہوں تو مطلب یہ ہوگا کہ ابن صیاد حرہ کے واقعہ میں غائب ہوگیا تھا اور ایسا غائب ہوا کہ پھر کسی کو معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کہاں گیا اور اس کا کیا حشر ہوا اس صورت میں یہ روایت اس روایت کے منافی ومتضاد ہوگی جس میں بیان کیا گیا ہے کہ مدینہ میں اس کا انتقال ہوا اور اس کی نماز جنازہ پڑھی گئی ! اور اگر اس حدیث میں " غائب" سے مراد اس کا عام مفہوم ہو کہ جس میں " موت بھی شامل ہے تو پھر ان دونوں روایتوں کے درمیان کوئی تضاد نہیں رہے گا اس صورت میں حاصل یہ ہوگا کہ " غائب " ہو جانے سے مراد اس کا مر جانا ہے یعنی وہ واقعہ حرہ کے دن مدینہ میں مر گیا تھا ۔
" واقعہ حرہ کے دن " سے مراد وہ دن ہے جب ابن معاویہ کی فوج نے اہل مدینہ پر یلغار کر دی تھی اور نہایت خونریز جنگ اور جان ومال کی زبر دست تباہی مچا کر ان کو مغلوب کر لیا تھا ۔

یہ حدیث شیئر کریں