مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ ان تینوں (یعنی خلفاء ثلاثہ) کے مناقب کا بیان ۔ حدیث 695

خلفاء ثلاثہ کی ترتیب خلافت کا غیبی اشارہ

راوی:

عن جابرن أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : " أري الليلة رجل صالح كأن أبا بكر نيط برسول الله صلى الله عليه و سلم ونيط عمر بأبي بكر ونيط عثمان بعمر " قال جابر : فلما قمنا من عند رسول الله صلى الله عليه و سلم قلنا : أما الرجل الصالح فرسول الله وأما نوط بعضهم ببعض فهم ولاة الأمر الذي بعث الله به نبيه صلى الله عليه و سلم . رواه أبو داود

" حضرت جابر سے روایت ہے کہ (ایک دن ) رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرمانے لگے کہ آج کی رات ایک نیک شخص کو خواب میں دکھلایا گیا کہ جیسے ابوبکر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ لٹکے ہوئے یعنی جڑے ہوئے ہیں ، اور عمر ، ابوبکر کے ساتھ لٹکے ہوئے ہیں اور عثمان ، عمر کے ساتھ لٹکے ہوئے ہیں ، حضرت جابر کہتے ہیں : جب ہم لوگ (یہ سن کر ) رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس مبارک سے اٹھے تو (اپنے اجتہاد اور ظن غالب کے مطابق ) ہم نے (آپس میں ) کہا کہ : " نیک شخص " سے مراد تو خود رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی ہے اور رہا " بعض کا بعض کے ساتھ لٹکنا یعنی جڑنا " تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ یہ تینوں حضرات (یعنی ابوبکر ، عمر ، اور عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہم، مذکورہ ترتیب کے مطابق یکے بعد دیگرے ) اس مشن کے سربراہ ہوں گے جس کے لئے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس دنیا میں بھیجا ہے ۔" (ابو داؤد )

یہ حدیث شیئر کریں