اہل جنت کے سردار
راوی:
وعن أنس قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " أبو بكر وعمر سيدا كهول أهل الجنة من الأولين والآخرين إلا النبيين والمرسلين " . رواه الترمذي ورواه ابن ماجه عن علي رضي الله عنه
" اور حضرت انس کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جنت میں جتنے بھی ادھیڑ عمر والے ہوں ، خواہ وہ اگلوں میں کے ہوں یا پچھلوں میں کے ، ان سب کے سردار ابوبکر وعمر ہوں گے ۔سوائے نبیوں اور رسولوں کے (ترمذی ) ابن ماجہ نے اس روایت کو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے نقل کیا ہے ۔"
تشریح
ظاہر ہے جنت میں تو کوئی بھی ادھیڑ عمر کا نہیں ہوگا سب " جوان " ہوں گے اس لئے " ادھیڑ عمر والوں " سے مراد وہ لوگ ہیں جو ادھیڑ عمر میں اس دینا سے رخصت ہوں گے ۔"
" اگلوں " سے مراد گزشتہ امتوں کے لوگ مراد ہیں جن میں اصحاب کہف ، آل فرعون کے اہل ایمان اور حضرت خضر بھی شامل ہیں بشرطیکہ وہ قول صحیح ہو جس کے مطابق حضرت خضر ، نبی نہیں ولی ہیں ، اور پچھلوں سے مراد اس امت کے لوگ ہیں جن میں تمام اولیاء اللہ اور شہداء بھی شامل ہیں ۔
سوائے نبیوں اور رسولوں کے " کی قید سے حضرت عیسیٰ اور دوسرے نبیوں رسولوں کا بھی استثناء ہوگیا اور ان حضرات کے مطابق حضرت خضر بھی مستثنیٰ ہوگئے جن کا کہنا ہے کہ حضرت خضر نبی ہیں ۔