مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ حضرت عمر کے مناقب وفضائل کا بیان ۔ حدیث 652

عمر کے اسلام کی دعائے نبوی صلی اللہ علیہ وسلم

راوی:

وعن ابن عباس عن النبي صلى الله عليه و سلم قال : " اللهم أعز الإسلام بأبي جهل بن هشام أو بعمر بن الخطاب " فأصبح عمر فغدا على النبي صلى الله عليه و سلم فأسلم ثم صلى في المسجد ظاهرا . رواه أحمد والترمذي

اور حضرت ابن عباس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ (ایک رات) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی " الہٰی ! ابوجہل ابن ہشام یا عمر ابن الخطاب کے ذریعے اسلام کو سربلند وغالب کردے (یعنی ان دونوں میں سے کسی ایک کو مسلمان بننے کی توفیق عطا فرما دے تاکہ ان کے سبب دین اسلام کو طاقت نصیب ہو ) چنانچہ اگلے ہی دن جب صبح ہوئی تو عمر ابن الخطاب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر مسلمان بن گئے اور پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد حرام میں علانیہ نماز پڑھی ۔ (احمد ، ترمذی )

تشریح :
دعوت اسلام کے ابتدائی زمانہ میں جب قریش مکہ نے داعی حق صلی اللہ علیہ وسلم اور حق کے نام لیواؤں کے خلاف ظالمانہ محاذ قائم کر رکھا تھا ۔ اور اہل اسلام کو تشدد آمیز کار روائیوں کے ذریعے مجبور وہراساں کرتے تھے تو مکہ میں کوئی مسلمان علانیہ نماز نہیں پڑھ سکتا تھا ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم دارارقم میں رہا کرتے تھے اور اسی مکان میں پوشیدہ طور پر اللہ کا نام لیا جاتا تھا ، اللہ کی بندگی کی جاتی تھی اور اللہ کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دین زیادہ سے زیادہ پھیلانے کی تدبیر میں لگا رہتا تھا ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جانتے تھے کہ زعماء قریش میں دو آدمی یعنی ابوجہل اور عمر اس حیثیت کے ہیں کہ اگر ان میں سے کوئی اسلام قبول کرکے ہمارے ساتھ آجائے تو اسلام جو آج قریش مکہ کے ظلم وستم کی وجہ سے دارارقم میں محدود ہو کررہ گیا ہے اتنی طاقت پاجائے گا کہ مسلمانوں کو چھپ کر اللہ کا نام لینے اور اللہ کی عبادت کرنے پر مجبور نہیں ہونا پڑے گا ، وہ علانیہ نماز پڑھنے لگیں گے اور کھلے طور اسلام کی دعوت پیش کرسکیں گے ۔چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مذکورہ دعا کی یہ دعا کس طرح قبول ہوئی اور حضرت عمر کس طرح مشرف باسلام ہوئے اس کی تفصیل ایک روایت میں جس کو ابوحاکم عبداللہ نے دلائل النبوۃ میں نقل کیا ہے ۔ حضرت عبداللہ ابن عباس اس طرح بیان کرتے ہیں کہ ایک دن ابوجہل نے اعلان کیا کہ جو شخص محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو قتل کردے اس کو انعام میں اس سو اونٹنیاں اور ہزار چاندی میں دوں گا ۔عمر (یہ سن کر ) بولے الضمان صحیح یعنی تاوان صحیح ہے ! ابوجہل نے کہا : ہان فورًا ادا کروں گا ، ذرا بھی تاخیر نہیں ہوگی ! عمر وہاں سے اٹھ کر چل پڑے ۔ راستے میں اس ایک شخص مل گیا ، اس نے پوچھا عمر !خیر تو ہے کہاں کے ارادے سے چلے ؟ عمر نے جواب دیا ، محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کی طرف جارہا ہوں ، ارادہ ہے کہ آج ان کا کام تمام کردوں۔ اس شخص نے کہا کیا (محمد کے خاندان ) بنی ہاشم (کے انتقام ) کا کوئی خوف نہیں ہے ؟ عمر بولے معلوم ہوتا ہے تم نے بھی اپنا دھرم تیاگ دیا (جبھی تو بن ہاشم کے انتقام سے ڈرا کرمجھے محمد کے قتل سے باز رکھنا چاہتے ہو ) اس شخص نے کہا : اس سے زیادہ حیرتناک بات تمہیں یہ بتاتا ہوں کہ تمہارے بہن اور بہنوئی نے اپنا پرانا مذہب چھوڑ دیا ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مل گئے ہیں (یہ سنتے ہیں ) عمر اپنی بہن کے گھر کی طرف مڑ گئے ، وہاں پہنچے تو اس وقت ان کی بہن گھر کے اندر قرآن کریم کی تلاوت میں مشغول تھیں اور سورت طہ پڑھ رہی تھیں عمر نے کچھ دیر تو دروازے پر کھڑے ہو کر ان کو پڑھتے ہوئے سنا پھر دروازہ کھٹکھٹا یا جب اندر داخل ہوئے تو بہن کو دیکھتے ہی سوال کیا : پڑھنے کی یہ آواز کیسی آرہی تھی؟ بہن نے ان کو پوری بات اور ان پر واضح کردیا کہ ہم صدق دل سے مسلمان ہوگئے ہیں (اب تم یا کوئی چاہے جتنی سختی کرے ، جو دین ہم نے قبول کرلیاہے اس سے دستبردار نہیں ہوں گے ) عمر (کے لئے یہ صورت انتہائی پریشان کن اور اضطراب انگیز تھی ، ایک طرف تو فوری اشتعال نے انہیں بیاہی بہن اور عزیزبہنوئی کو مارنے پیٹنے پر مجبور کردیا دوسری طرف خود ان کی زندگی میں آنے والا انقلاب ان کے دل ودماغ پر دستک دے رہا تھا ، اس سخت ) اضطرابی کیفیت میں رات بھر مبتلا رہے ۔ ادھر رات میں ان کے بہن وبہنوئی (معمول کے مطابق ) اٹھے اور عبادت الٰہی وتلاوت قرآن کریم میں پھر مشغول ہوگئے انہوں نے طہ ماانزلنا علیک القرآن لتشقی (طہ ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن مجید اس لئے نہیں اتار کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تکلیف اٹھائیں ) سے پڑھنا شروع کیا ۔ (اب عمر سے رہا نہیں گیا ، ایسا معلوم ہوا جیسے تلاوت قرآن کریم کی اس آواز نے ان کی روح کو آخری طور پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ) کلام اللہ ابدی صداقت ان کے دل ودماغ پر چھانے لگی ، بڑی بے تابی کے ساتھ بولے : لاؤ یہ کتاب مجھے دو ذرا میں بھی تو (پڑھ کر ) دیکھوں۔ (بہن نے محسوس کرلیا کہ بھیا کا وہ سخت دل جس کو کفر وشرک نے پتھر بنا دیا تھا ، پگھل رہا ہے ، خدائی پکار کی طرف متوجہ ہورہا ہے چنانچہ انہوں نے کہا کہ ایسے نہیں ، اس مقدس کتاب کو تو صرف پاکیزہ لوگ ہی چھوسکتے ہیں ۔عمر نے غسل کیا ، پاک ہوئے اور کلام اللہ کو ہاتھ میں لے کر بیٹھ گئے جب طہ سے پڑھنا شروع کیا اور جب اس آیت : (اَللّٰهُ لَا اِلٰهَ اِلَّا هُوَ لَهُ الْاَسْمَا ءُ الْحُسْنٰى) 20۔طہ : 8) (اللہ ایسا ہے کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں اس کے اچھے اچھے نام ہیں ) پر پہنچے تو بے اختیار بول اٹھے : بار خدایا : بلاشبہ تو ہی عبادت کا سزاوار ہے ، تیرے علاوہ اور کوئی نہیں جس کو معبود بنایا جائے : اشہد ان لاالہ الا اللہ واشہد وان محمدا رسول اللہ پھر وہ پوری رات انہوں نے اسی طرح جاگ کر گذاری کہ تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد واشوقاہ واشوقاہ کا نعرہ مارتے ۔ جب صبح ہوئی تو خباب ابن ارت (جو اس گھر میں پہلے سے موجود اور عمر کے داخل ہوتے ہی کہیں چھپ گئے تھے ، اب جو انہوں نے دیکھا کہ عمر کی دنیا ہی بدل چکی ہے ، کفر وشرک کا اندھیرا چھٹ گیا ہے اور اسلام کی روشنی نے ان کے وجود کو جگمگا دیا ہے تو ) عمر کے پاس آئے اور کہنے لگے عمر مبارک ہو اللہ نے تمہیں اپنے دین اسلام سے سرفراز کیا ، شاید تمہیں معلوم نہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری رات جاگ کر اس دعا میں گذاری تھی کہ الہٰی ! ابوجہل یا عمر بن الخطاب کے ذریعے اسلام کو سربلند وغالب کردے !میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا ہی تھی جو تمہارے قبول اسلام کا پیش خیمہ بنی ہے ۔ اس کے بعد عمر تلوار گلے میں ڈال کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی قیام گاہ ( دارارقم ) کی طرف روانہ ہوئے ، وہاں پہنچے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بنفس نفیس باہر تشریف لا کر ان کا استقبال کیا اور دعوت اسلام پیش کی : عمر!معبود ان باطل کو چھوڑ کر خدائے واحد کی چوکھٹ پر جھک جاؤ سرخروئی اسی میں ہے کہ اسلام قبول کرلو ، ورنہ تم پر بھی دنیا وآخرت کی ذلت ورسوائی کا وہی عذاب نازل ہوگا جو ولید ابن مغیرہ پر نازل ہوا ۔عمر ( یہ پرُ جلال آواز رسالت سن کر ) تھر تھر کانپنے لگے ، لرزتے مونڈھوں اور تھر تھر اتے ہاتھوں سے تلوار گر پڑی بے ساختہ زبان سے نکلا : اشہد ان لا الہ الا اللہ وان محمدا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، اور پھر انہوں نے کہا : جب ہم لات وعزیٰ کی پرستش کی پوجا پہاڑوں پر اور وادیوں میں (کھلم کھلا ) کرتے تھے تو یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اللہ کی عبادت ہم ڈر چھپ کر کریں ! انہیں ، اللہ کی قسم آج کے بعد اللہ کی عبادت ہم چھپ کر ہرگز نہیں کریں گے ۔ اس کے بعد عمر تمام مسلمانوں کو لے کرکعبہ اقدس میں پہنچے اور وہاں علی الاعلان نماز وعبادت ہوئی (اور اس طرح اللہ نے حضرت عمر کے ذریعے اسلام کو طاقت وشوکت عطا فرمائی )

یہ حدیث شیئر کریں