مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ حضرت ابوبکر کے مناقب وفضائل کا بیان ۔ حدیث 626

حضرت ابوبکر افضل صحابہ ہیں

راوی:

وعن عبد الله بن مسعود عن النبي صلى الله عليه و سلم قال : " لو كنت متخذا خليلا لاتخذت أبا بكر خليلا ولكنه أخي وصاحبي وقد اتخذ الله صاحبكم خليلا " . رواه مسلم

اور حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر میں کسی کو " خلیل " بناتا تو ابوبکر کو" خلیل " بناتا ، تاہم ابوبکر میرے بھائی ہیں اور میرے رفیق وساتھی ہیں، اور حقیقت یہ ہے کہ تمہارے صاحب کو (یعنی مجھ کو ) اللہ نے اپنا خلیل بنا لیا ہے " ۔ (مسلم )

تشریح :
امام احمد ابن حنبل کی روایت میں یوں ہے کہ : (اخی فی الدین وصاحبی فی الغار ابوبکر میرے دینی بھائی ہیں اور میرے یار غار ہیں اور مسند ابولیلی میں حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی روایت کے یہ الفاظ نقل کئے گئے ہیں :
ابو بکر صاحبی ومونسی فی الغار سدوا کل خوخۃ فی المسجد غیرخوخۃ ابی بکر ۔
" ابوبکر میرے غار کے رفیق اور مونس ہیں ، مسجد کی جانب تمام کھڑکیاں یا روشن دان بند کردئیے جائیں علاوہ ابوبکر کی کھڑکی یا روشن دان کے ۔"
اس روایت کو ابوحاتم نے بھی نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد : سدواالخ دراصل اس بات کا واضح اشارہ تھا کہ میرے بعد خلافت کا پہلا استحقاق ابوبکر کا ہے ان کے علاوہ باقی تمام لوگوں کی آرزوئے خلافت کا دروازہ بند ہے۔
" اللہ نے اپنا خلیل بنالیا ہے " پہلی حدیث سے تو یہ معلوم ہوا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کو اپنا خلیل بنایا ہے اور یہاں اس حدیث میں ذکر کیا گیا ہے کہ اللہ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا خلیل بنایا ، اس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ جو شخص محبت میں صادق وخالص ہوتا ہے وہ خود مرتبہ محبوبیت کو پہنچ جاتا ہے یحبہم ویحبونہ ۔"
ہر کہ اور درعشق صادق آمدہ است
برسرش معشوق عاشق آمدہ است
دراصل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم " حبیب اللہ " تھے اور " حبیب " اس محبت کو کہتے ہیں جو مرتبہ محبوبیت کو پہنچ جائے بعض حضرات خلت کو اعلی اخص قرار دیتے ہیں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو مرتبہ محبت اور خلت کا جامع کہتے ہیں ۔ نیز امام غزالی رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ نے لکھا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خلت حضرت ابراہیم علیہ السلام کی خلت سے زیادہ کامل اور اتم ہے ، بہرحال مذکورہ بالا حدیث اس حقیقت کی واضح دلیل ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ افضل صحابہ ہیں ۔

یہ حدیث شیئر کریں