مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کا بیان ۔ حدیث 564

زہر کا اثر

راوی:

وعنها قالت : كان رسول الله صلى الله عليه و سلم يقول في مرضه الذي مات فيه : " يا عائشة ما أزال أجد ألم الطعام الذي أكلت بخيبر وهذا أوان وجدت انقطاع أبهري من ذلك السم " . رواه البخاري

اور حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کہتی ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے مرض وفات میں فرمایا کرتے تھے کہ عائشہ میں نے خیبر میں جو (زہر آلود ) کھانا کھالیا تھا (اس کے تکلیف دہ اثرات تو برابر محسوس کرتا تھا لیکن اب اس مرض میں ) تو ایسا لگتا ہے کہ اسی زہر کے اثر سے میری رگ جان کٹ جائے گی ۔" (بخاری )

تشریح :
زہر آلود کھانے سے مراد بکری ہے جو سازش کے تحت ایک یہودی عورت نے فتح خیبر کے موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش کی تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں سے کچھ کھالیا تھا اس کا ذکر تفصیل کے ساتھ پیچھے ایک موقع پر گذر چکا ہے اس وقت اگرچہ ظہور معجزہ کے تحت زہر کا ایسا اثر نہیں ہوا کہ ہلاکت واقع ہوجاتی لیکن اس کے مضر اثرات بہرحال قائم رہ گئے تھے جس کا ظہور بعد میں کبھی کبھی ہوجاتا تھا پھر اللہ تعالیٰ نے بظاہر اس حکمت کے تحت کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو درجہ شہادت بھی مل جائے مرض الموت میں اس زہر کا اصل اثرظاہر کیا جیسا کہ بیان کیا جاتا ہے کہ حضرت ابوبکر کی موت اس سانپ کے زہر کے اثر سے واقع ہوئی تھی جس نے مدتوں پہلے مکہ سے مدینہ کے سفر ہجرت کے دوران غار ثور میں ان کو ڈسا تھا ۔

یہ حدیث شیئر کریں