جنگ احد میں فرشتوں کی مدد کا معجزہ
راوی:
وعن سعد بن أبي وقاص قال : رأيت عن يمين رسول الله صلى الله عليه و سلم وعن شماله يوم أحد رجلين عليهما ثياب بيض يقاتلان كأشد القتال ما رأيتهما قبل ولا بعد يعني جبريل وميكائيل . متفق عليه
" اور حضرت سعد ابن ابی وقاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے احد کی لڑائی میں ، رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دائیں بائیں سفید کپڑوں میں ملبوس دو آدمیوں کو دیکھا ( جن میں سے ایک تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دائیں طرف اور ایک بائیں طرف تھا ) اور وہ دونوں نہایت شدت کے ساتھ ( ہمارے دشمنوں سے لڑ رہے تھے ، ان دونوں کو میں نے نہ تو اس سے پہلے کبھی دیکھا تھا اور نہ اس کے بعد کبھی دیکھا (اس سے ثابت ہوا کہ وہ دونوں دراصل فرشتے ( یعنی ، حضرت جبرائیل علیہ السلام اور حضرت میکائیل علیہ السلام تھے ۔ " ( بخار ومسلم )
تشریح : " یعنی حضرت جبرائیل اور میکائیل تھے " یہ وضاحت خود راوی نے کی ہے اور انہوں نے ان دونوں کا فرشتہ جبرائیل ومیکائیل ہونا یا تو اسی بات سے سمجھا کہ نہ کبھی اس سے پہلے انہوں نے ان دونوں کو دیکھا اور نہ اس کے بعد کبھی دیکھا ، یا انہوں نے خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہوگا کہ وہ دونوں اجنبی حضرت جبرائیل اور میکائیل تھے ۔