مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ معجزوں کا بیان ۔ حدیث 453

خوارق عادات کی قسمیں

راوی:

خارق عادت ، یعنی ایسی چیز کا وقوع پذیر ہونا جو جاری نظام قدرت سے الگ اور عادت وعام طریقہ کے خلاف ہو ، اور جس کو کرشمہ سمجھا جاتا ہو ، مختلف نوعیتیں ہوتی ہیں اور اسی اعتبار سے ان کی الگ الگ قسمیں ہیں! اور پھر ان قسموں کو الگ الگ ناموں سے تعبیر کیا گیا ہے، تاکہ ان سب کی اپنی اپنی حیثیت بھی متعین ہوجائے اور ایک دوسرے سے ممتاز بھی رہیں ، چنانچہ خوارق عادات کی پہلی قسم تو وہ ہے جو نبی اور رسول سے ظاہر ہو جس کو معجزہ کہا جاتا ہے ، دوسری قسم وہ ہے عام مسلمانوں سے ظاہر ہو، اس کو " معونت " کہا جاتا ہے ، تیسری قسم وہ ہے ، جو اولیائے اللہ سے ظاہر ہو اور جس کو کرامت کہا جاتا ہے ، اور چوتھی قسم وہ ہے جو کافروں اور فاسوں سے ظاہر ہو، اس کو " استدراج " کہا جاتا ہے ۔ اس سے معلوم ہوا کہ ان چاروں قسموں میں سے اول الذکر قسم کو چھوڑ کر باقی تینوں قسمیں اپنے اپنے مفہوم ومصداق کے اعتبار سے دعوی نبوت کی قید سے باہر ہیں ، گویا ان تینوں قسموں میں سے کسی قسم کو بھی ' ' معجزہ " نہیں کہا جا سکتا ، کیونکہ معجزہ تو وہی خرق عادت ہے جو نبوت کے دعویٰ کے ساتھ ہو ۔

یہ حدیث شیئر کریں