مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ سیدالمرسلین کے فضائل ومناقب کا بیان ۔ حدیث 302

سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل ومناقب کا بیان :

راوی:

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل ومناقب اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات ستودہ صفات کے اوصاف حمیدہ اور فضائل کبری کا کوئی شمار نہیں ، کسی زبان وقلم کو تاب نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام فضائل اور اوصاف کا احاطہ کرسکے ، تاہم مؤلف مشکوٰۃ نے ان میں سے کچھ فضائل کے متعلق احادیث وروایات کو اس باب کے تحت جمع کیا ہے ۔ اس بات پر تمام علماء کا اتفاق ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تمام اولاد آدم کے سردار ہیں ، انبیاء میں سب سے افضل واشرف آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام افضل ہیں ، پھر حضرت موسی کلیم اللہ علیہ السلام ۔ حضرت موسی علیہ السلام کے بعد کس کا درجہ ہے اس بارے میں صراحت کے ساتھ علماء سے منقول نہیں ہے ، ویسے بعض علماء نے حضرت موسی علیہ السلام کے بعد حضرت عیسی علیہ السلام کو اور ان کے بعد حضرت نوح علیہ السلام کو افضل واشرف کہا ہے اور لکھا ہے کہ انبیاء علیہ السلام کی طویل فہرست میں یہ پانچ نبی اولو العزم سمجھے جاتے ہیں اور راہ حق میں ان کے صبرواستقامت اور عزیمیت کا درجہ بے مثال ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں