حضرت ابراہیم علیہ السلام کا ختنہ :
راوی:
وعن أبي هريرة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " اختتن إبراهيم النبي وهو ابن ثمانين سنة بالقدوم " . متفق عليه
اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اسی سال کی عمر میں " قدوم " سے اپنا ختنہ کیا ۔ ( بخاری ومسلم)
تشریح :
امام نووی رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ نے اس حدیث کی تشریح میں لکھا ہے کہ لفظ " قدوم " کی دال کی حرکت میں اختلاف ہے اگر اس دال کو تخفیف کے ساتھ " قدوم" پڑھا جائے تو اس کے معنی بڑھی کے اوزار یعنی بسولے کے ہوں گے ، اور حدیث کا مطلب یہ ہوگا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنا ختنہ بسولے سے خود کیا اور اس وقت ان کی عمر اسّی سال کی تھی اور اگر اس لفظ کودال کی تشدید کے ساتھ قدّوم پڑھا جائے تو اس سے مراد ملک شام کا ایک گاؤں ہوگا جس کا نام قدوم تھا ، ویسے اس گاؤں کا نام قدوم بہ تخفیف دال بھی نقل کیا گیا ہے ، اس صورت میں مطلب یہ ہوگا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اسّی سال کی عمر میں ختنہ خود کیا اور اس وقت وہ ملک شام کے گاؤں قدوم میں تھے ، حاصل یہ کہ جس روایت میں یہ لفظ بہ تشدید دال نقل ہوا ، اس میں قدوم سے مذکورہ گاؤں ہی مراد ہوسکتا ہے اور مذکورہ گاؤں بھی ۔