مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ قیامت کی علامتوں کا بیان ۔ حدیث 2

قیامت کی علامتیں

راوی:

عن أنس قال سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول إن من أشراط الساعة أن يرفع العلم ويكثر الجهل ويكثر الزنا ويكثر شرب الخمر ويقل الرجال وتكثر النساء حتى يكون لخمسين امرأة القيم الواحد . وفي رواية يقل العلم ويظهر الجهل . متفق عليه .

" حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ۔ " بلاشبہ قیامت کی علامتوں میں سے یہ ہے کہ علم اٹھا لیا جائے گا (یعنی حقیقی عالم اس دنیا سے اٹھ جائیں گے یا یہ کہ علماء کی قدر و منزلت اٹھ جائے گی ) جہالت کی زیادتی ہوجائے گی (یعنی ہر طرف جاہل وناداں ہی نظر آنے لگیں گے جو اگرچہ علم ودانش کا دعوی کریں گے مگر حقیقت میں علم ودانش سے کو سوں دور ہوں گے ) زنا کثرت سے ہونے لگے گا (کیونکہ لوگوں میں شرم وحیا اور غیرت کم ہو جائے گی ) شرب بہت پی جائے گی (اور پھر شراب خوری کی زیادتی، آبادیوں اور لوگوں میں فتنہ وفساد پھیلنے کا باعث ہوگی ) مردوں کی تعداد کم ہو جائے گی ( جن کے دم سے عالم کانظام استوار و مستحکم ہوتا ہے ) عورتوں کی تعداد بڑھ جائے گی ( کہ جن کے ذریعہ ضروری اور اہم امور سر انجام تو کیا پاتے البتہ ان کی وجہ سے تفکرات اور پریشانیوں اور مال ودولت حاصل کرنے کا غم ضرور برداشت کرنا پڑتا ہے ) یہاں تک کہ پچاس عورتوں کی خبر گیری کرنے والا ایک مرد ہوگا ( اس سے یہ مراد نہیں کہ ایک ایک مرد کی پچاس بیویاں ہوگی بلکہ یہ مراد ہے کہ ایک ایک مرد پر پچاس پچاس عورتوں کی کفالت وخبر گیری کا بوجھ ہوگا جن میں مائیں ، خالائیں ، دادیاں ، بہنیں ، پھوپھیاں ، وغیرہ ہوں گی ۔ "
اور ایک روایت میں ہے (یرفع العلم ویکثر الجہل ) یعنی علم اٹھالیا جائے گا اور جہل کی زیادتی ہوگی، کے بجائے ) یوں ہے کہ علم کم ہو جائے گا اور جہالت پھیل جائے گی ۔

یہ حدیث شیئر کریں