جنت کے بازار کا ذکر
راوی:
وعن أنس قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " إن في الجنة لسوقا يأتونها كل جمعة فتهب ريح الشمال فتحثو في وجوههم وثيابهم فيزدادون حسنا وجمالا فيرجعون إلى أهليهم وقد ازدادوا حسنا وجمالا فيقول لهم أهلوهم والله لقد ازددتم بعدنا حسنا وجمالا فيقولون وأنتم والله لقد ازددتم حسنا وجمالا "
" اور حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : " جنت میں ایک بازار ہے جس میں ہر جمعہ لوگ جمع ہوا کریں گے ، اور وہاں شمالی ہوا چلے گی جو جنتیوں کے چہرے اور کپڑوں پر ( طرح طرح کی خوشبوئیں اور مہک ) ڈالے گی جس سے وہاں موجود جنتیوں کے حسن وجمال میں اضافہ ہو جائے گا ، اور پھر جب وہ لوگ بہت زیادہ حسین وجمیل بن کر ( اس بازار سے ) اپنے گھر والوں کے پاس واپس آئیں گے تو وہ گھر والے ان سے کہیں گے کہ اللہ کی قسم ہم سے الگ ہو کر تم نے اپنے حسن وجمال کو کتنا بڑھالیا ہے ؟ اس کے جواب میں وہ کہیں گے کہ اور واللہ ! ہمارے جانے کے بعد تم نے بھی تو اپنے حسن وجمال کو بڑھالیا ہے ۔ " ( مسلم )
تشریح :
" بازار " سے مراد حسن وجمال کی افزائش کا مرکز ہے جہاں جنتی لوگ جمع ہوا کریں گے اور وہاں طرح طرح کی دلفریب ، دیدہ زیب اور خوش جمال صورتیں موجود ہوا کریں گی اور ہر جنتی اپنی پسند وخواہش کے مطابق جو شکل وصورت چاہے گا اختیار کرلیا کرے گا ۔
ہر جمعہ " سے مراد ہر ہفتہ ہے یعنی ہفتہ میں ایک دن وہاں لوگ جمع ہوا کریں گے اور " ہفتہ " سے بھی حقیقی ہفتہ مراد نہیں ہے کیونکہ جنت میں نہ سورج ہوگا اور نہ دن رات کی گردش ہوگی ، ہمیشہ یکساں وقت رہے گا لہٰذا ہفتہ سے " ایک ہفتہ کے بقدر وقت " کا عرصہ مراد ہے ۔
شمالی ہوا " سے مراد عام طور پر وہ ہوا ہوتی ہے جو اگر قبلہ کی طرف منہ کر کے کھڑے ہوں تو دائیں ہاتھ کی سمت سے آئے ۔ اس کو اتری ہوا بھی کہا جاتا ہے لیکن یہاں حدیث میں اس جیسی ہوا مراد ہے جس کو عرب میں شمال کہا جاتا ہے ۔ یہ ہوا چونکہ شمال سے چلتی ہے اور ٹھنڈے ملکوں اور بحر احمر سے ہوتی ہوئی آتی ہے اس لئے کافی ٹھنڈی ہوتی ہے اور " شمالی ہوا " کہلاتی ہے ۔
جنتی لوگ اس تفریح گاہ سے لوٹنے پر اپنے گھر والوں کا حسن وجمال جو بڑھا ہوا پائیں گے تو اس کا سبب یہ ہوگا کہ وہ " شمالی ہوا " ان گھر والوں تک بھی پہنچے گی اور اس کی وجہ سے ان کا حسن وجمال بھی بڑھ جائے گا یا یہ کہ وہ جنتی لوگ جب اس تفریح گاہ سے اپنے بڑھے ہوئے حسن وجمال کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس آئیں گے تو ان کے حسن وجمال کا عکس ان کے گھر والوں پر پڑے گا جس سے وہ سب بھی پہلے کی بہ نسبت کہیں زیادہ حسین وجمیل نظر آئیں گے ۔