قیامت کے دن زمین ہر شخص کے عمل کی گواہ بنے گی
راوی:
عن أبي هريرة قال قرأ رسول الله صلى الله عليه وسلم هذه الآية ( يومئذ تحدث أخبارها )
قال أتدرون ما أخبارها ؟ قالوا الله ورسوله أعلم . قال فإن أخبارها أن تشهد على كل عبد وأمة بما عمل على ظهرها أن تقول عمل علي كذا وكذا يوم كذا وكذا . قال فهذه أخبارها . رواه أحمد والترمذي وقال هذا حديث حسن صحيح غريب .
" حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت تلاوت فرمائی (يَوْمَى ِذٍ تُحَدِّثُ اَخْبَارَهَا) 99۔ الزلزلہ : 4)۔ ( جس روز کہ زمین اپنی خبریں سنائے گی اور فرمایا کہ جانتے ہو ( قیامت کے دن ) زمین کی خبریں ( جو وہ سنائے گی ، کیا ہوں گی ؟ صحابہ کرام نے عرض کیا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا زمین کی خبریں یہ ہوں گی کہ وہ ( زمین ) ہر بندے اور ہر لونڈی یعنی ہر مرد وعورت کے ہر اس عمل کی گواہی دے گی جو اس نے اس کی پشت پر کیا ہوگا ( یعنی فلاں شخص نے فلاں وقت فلاں نیک کام کیا ہے اور فلاں وقت فلاں برا کام کیا ہے " پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔ " بس یہی ( گواہی دینا ) زمین کی خبریں ہیں " اس روایت کو احمد ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث حسن صحیح غریب ہے ۔ "