مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ نیکی و صلہ رحمی کا بیان ۔ حدیث 868

دایہ حلیمہ کے ساتھ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا حسن سلوک

راوی:

وعن أبي الطفيل قال رأيت النبي صلى الله عليه وسلم يقسم لحما بالجعرانة إذ أقبلت امرأة حتى دنت إلى النبي صلى الله عليه وسلم فبسط لها رداءه فجلست عليه . فقلت من هي ؟ فقالوا هي أمه التي أرضعته . رواه أبو داود

" اور حضرت ابوطفیل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ جعرانہ میں، میں نے دیکھا کہ رسول اللہ گوشت تقسیم فرما رہے ہیں کہ اچانک ایک خاتون آئیں جب وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پہنچیں تو آپ نے ان کے لئے اپنی چادر مبارک بچھا دی اور وہ اس پر بیٹھ گئیں میں نے ان کے ساتھ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ حسن سلوک دیکھا تو لوگوں سے پوچھا کہ یہ خاتون کون ہیں ؟ انہوں نے بتایا کہ یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی وہ ماں ہیں جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دودھ پلایا تھا ۔ (ابوداؤد)

تشریح
حدیث میں جن محترم خاتون کا ذکر ہے وہ دایہ حلیمہ ہیں جن کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی رضاعی ماں ہونے کا شرف حاصل ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دایہ حلیمہ کے علاوہ ایک اور خاتون نے بھی ابتداء کے کچھ دنوں تک دودھ پلایا تھا جن کا نام ثوبیہ ہے اور جو ابولہب کی باندی تھیں ان دونوں کے اسلام کے بارے میں علماء کا اختلافی اقوال ہیں۔

یہ حدیث شیئر کریں